اے ایم یو میں تاریخ کے طلبہ کے لیے کریئر کاؤنسلنگ ورکشاپ منعقد
علی گڑھ، 13 اکتوبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے انڈرگریجویٹ ہسٹری کلب ”تاریخ یافتہ“ نے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس (جنرل) کے اشتراک سے ایک کریئر کاؤنسلنگ ورکشاپ منعقد کی، جس کا مقصد تاریخ کے طلبہ کو مختلف پیشہ ورانہ مواقع سے آگاہ کرنا اور ان کی پیشہ ورانہ ترقی کے لیے عملی مشورے فراہم کرنا تھا۔
اے ایم یو کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفیسر سعد حمید نے اپنے کلیدی خطاب میں طلبہ کو کریئر کی منصوبہ بندی میں مقصد کی وضاحت اور توجہ مرکوز کرنے کی اہمیت سے واقف کرایا۔ انہوں نے مینٹورنگ، ذہنی صحت، مثبت رویہ، توجہ اور ہمہ جہت ترقی کے تئیں سنجیدہ رویہ اپنانے پر زور دیا۔
ڈاکٹر انیسا اقبال صابر، کوآرڈینیٹر، تاریخ یافتہ، نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور مہمانِ خصوصی کو یادگاری تحفہ پیش کیا۔ ورکشاپ کے اختتام پر شرکاء کو اسناد تقسیم کی گئیں، اور منتظمین کے اعزاز میں ایک خصوصی تقریب بھی منعقد کی گئی۔ بی اے کے طالب علم شیخ عارض الاسلام نے پروگرام کی نظامت کی، جبکہ کلب کے جنرل سکریٹری دانش اسلم نے شکریہ ادا کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ