حیدرآباد, 13۔ اکتوبر۔(ہ س)۔ حیدرآباد کے جوبلی ہلز اسمبلی حلقہ کے ضمنی انتخاب کا نوٹیفیکیشن الیکشن کمیشن نے جاری کردیا ہے۔ کمیشن کے مطابق اس ماہ کی 21 تاریخ تک پرچہ نامزدگیاں قبول کی جائیں گی۔ پرچہ نامزدگیوں کی جانچ 22 اکتوبر کوکی جائے گی اور 24 اکتوبر کو نام واپس لینے کی آخری تاریخ ہوگی ۔پرچہ نامزدگیاں شیخ پیٹ تحصیلدار دفترمیں وصول کئے جائیں گے۔اس سلسلہ میں خصوصی انتظامات کئے گئے ہیں۔ ضمنی انتخاب کی پولنگ اگلے ماہ 11 کوہوگی اور 14 کو ووٹوں کی گنتی ہوگی۔ 16 کو انتخابی عمل مکمل طور پر ختم ہو جائے گا۔ ڈسٹرکٹ الیکشن آفیسر اورجی ایچ ایم سی کمشنر آر وی کرنن نے ریٹرننگ آفیسر اور اے آر وی اوز کے ساتھ تیاریوں کا جائزہ لیا۔انہوں نے ہدایت دی کہ نامزدگی کے عمل کو آسان اور کمیشن کے قواعد کے مطابق مکمل کرنے کے لئے تمام ضروری انتظامات کیے جائیں۔ سہولت پورٹل کے ذریعہ پرچہ نامزدگی کا فارم ڈاؤن لوڈ کیاجاسکتا ہے اور آن لائن ہی تفصیلات درج کی جا سکتی ہیں تاہم، آن لائن فارم بھرنے کے باوجود امیدوار کا ذاتی طور پر حاضری دینا ضروری ہے تاکہ دستخط اور حلف نامہ مکمل کیا جا سکے۔ نامزدگی کی آخری تاریخ تک حاضری لازمی ہے۔ ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق