اے ایم یو کے مرکز برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم نے ورلڈ انویسٹر ویک کے موقع پربیداری سیشن منعقد کیا
علی گڑھ، 13 اکتوبر (ہ س)۔ سیکیورٹیز اینڈ ایکسچینج بورڈ آف انڈیا (سیبی) کے اقدام ’ورلڈ انویسٹر ویک‘ کے موقع پر، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی (اے ایم یو) کے مرکز برائے فاصلاتی و آن لائن تعلیم نے شعبہ کامرس اور نیشنل اسٹاک ایکسچینج کے اشتراک سے ایک انویسٹر بیداری سیشن، مرکز کے ڈائرکٹر پروفیسر محمد نفیس احمد انصاری کی سرپرستی میں اور ڈاکٹر محمد عاطف افضال کی رہنمائی میں منعقد کیا۔
سیشن کی قیادت شعبہ کامرس کے ماسٹر ٹرینر پروفیسر محمد شمیم نے کی، جنہوں نے سرمایہ کاری کے بنیادی اصولوں پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے محفوظ سرمایہ کاری، کیا کریں اور کیا نہ کریں جیسے نکات پر بات کی اور مالی منصوبہ بندی کی اہمیت کو تین نکاتی حکمت عملی یعنی ہنگامی حالات کی تیاری، کنبہ کے اہداف کا حصول اور ایک محفوظ ریٹائرمنٹ کی منصوبہ بندی کے ذریعے واضح کیا۔
انہوں نے سیبی سارتھی ایپ کا تعارف بھی کرایا، جو کہ ایک صارف دوست ڈیجیٹل پلیٹ فارم ہے، جس کا مقصد سرمایہ کاروں کو مستند مالی معلومات اور عملی ہنر فراہم کرنا ہے۔ سوال و جواب کے سیشن پر پروگرام ختم ہوا۔ ڈاکٹر صالحہ الہام نے اظہار تشکر کیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ