علی گڑھ, 13 اکتوبر (ہ س)علی گڑھ مسلم یونیورسٹی نے ”سر سید احمد خاں اور علی گڑھ تحریک: ہندوستان میں سیکولر تعلیم کے لیے ایک معقول نقطہ نظر“ موضوع پر کالج اور یونیورسٹی کے طلبہ و طالبات کے لیے انگریزی، اردو اور ہندی زبانوں میں منعقدہ آل انڈیا مضمون نویسی مقابلہ کے نتائج کا اعلان کردیا ہے۔ یہ مقابلہ سر سید احمد خاں کے عقلی، سیکولر اور جامع نظام تعلیم کے تصور کی موجودہ دور میں اہمیت کو اجاگر کرنے کے ساتھ ساتھ طلبہ کو علی گڑھ تحریک اور قومی تعمیر میں ان کے کردار پر غور و فکر کی ترغیب دینے کے مقصد سے منعقد کیا گیا۔
انگریزی میں اوّل انعام طوبیٰ شمسی (بی اے، جامعہ ملیہ اسلامیہ، نئی دہلی)، دوم انعام استوتی نارائن (بی اے ایل ایل بی، نلسار یونیورسٹی آف لا، حیدرآباد) اور سوم انعام یانس اقبال (بی اے، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی) نے حاصل کیا ہے۔ اردو اور ہندی زبانوں کے تمام فاتحین کا تعلق علی گڑھ مسلم یونیورسٹی سے ہے۔اردو میں اوّل انعام طاہر حسین (ریسرچ اسکالر)، دوم انعام آفرین رضا (ریسرچ اسکالر) اور سوم انعام ابو داؤد (بی اے) نے حاصل کیا۔ اسی طرح ہندی میں پہلا انعام محمد صہیب (بی اے ایل ایل بی)، دوم انعام ازرم فاطمہ صدیقی (بی کام) اور سوم انعام سلمیٰ اشفاء (ریسرچ اسکالر) نے حاصل کیا۔ مقابلے میں ہر زبان میں اول انعام کے طور پر 25000 روپے، دوم انعام کے طور پر 15000 روپے، اور سوم انعام کے طور پر 10000 روپے نقد دئے جائیں گے۔ یہ انعامات 17 اکتوبر کو اے ایم یو میں ہونے والی یومِ سر سید تقریب کے دوران فاتحین کو پیش کئے جائیں گے۔
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ