بھوپال میں ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر کا گلا ریت کر قتل، گھر کے اندر ملی لاش، دو دن قبل رکھا گیا کیئر ٹیکر لاپتہ
بھوپال، 30 ستمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں 70 سالہ ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر راکیش اگروال کا بدھ کو علی الصبح ان کے سورج نگر واقع مکان میں گلا ریت کر قتل کر دیا گیا۔ واردات کے بعد محض دو دن پہلے کام پر رکھا گیا کیئر ٹیکر ورون کمار
بھوپال میں ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر کا گلا ریت کر قتل


بھوپال، 30 ستمبر (ہ س)۔ مدھیہ پردیش کے دارالحکومت بھوپال میں 70 سالہ ریٹائرڈ آئی اے ایس افسر راکیش اگروال کا بدھ کو علی الصبح ان کے سورج نگر واقع مکان میں گلا ریت کر قتل کر دیا گیا۔ واردات کے بعد محض دو دن پہلے کام پر رکھا گیا کیئر ٹیکر ورون کمار لاپتہ ہے۔

پولیس کی ابتدائی جانچ میں اسی پر شبہ ظاہر کیا گیا ہے۔ وہ 28 ستمبر کو پنجاب کی ایک ایجنسی کے توسط سے ملازمت پر آیا تھا۔ واقعے کے بعد سے اس کا موبائل اور سامان بھی گھر سے غائب ہے۔

راتی بڑ پولیس کے مطابق، صبح تقریباً 5.30 بجے واقعے کی اطلاع ملی۔ اگروال اپنی اہلیہ کے ساتھ گھر میں رہتے تھے۔ صبح قریب 5.30 بجے اہلیہ کی آنکھ کھلی اور وہ مارننگ واک کے لیے نکلنے لگیں تو مرکزی دروازہ باہر سے بند ملا۔ انہوں نے دوسرے ملازم کو فون کر کے بلایا۔ اس کے بعد گھر کے اندر جا کر دیکھا تو راکیش اگروال کی لاش کمرے میں پڑی تھی۔ ان کے گلے پر تیز دھار ہتھیار سے حملہ کیے جانے کے نشانات ملے ہیں۔

پولیس کو گھر کی تلاشی کے دوران باورچی خانے میں ایل پی جی سلنڈر کا پائپ نکلا ہوا ملا۔ پورے گھر میں گیس کی بو پھیلی ہوئی تھی۔ اس سے پولیس کو شبہ ہے کہ قتل کے بعد گھر میں آگ لگانے یا کسی بڑے حادثے کی کوشش کی گئی ہوگی۔ اس پہلو سے بھی جانچ کی جا رہی ہے۔

ابتدائی جانچ میں گھر کی ایک الماری کے تالے ٹوٹے ملے ہیں۔ اس بنیاد پر پولیس لوٹ مار کے زاویے سے بھی تفتیش کر رہی ہے۔ تاہم، اگروال کی اہلیہ نے پولیس کو بتایا کہ گھر میں کوئی بڑی مقدار میں زیورات یا قیمتی اشیاء نہیں رکھی تھیں۔ پولیس گھر سے کیا سامان غائب ہوا ہے، اس کی تصدیق کر رہی ہے۔

پولیس کے مطابق، ورون نامی کیئر ٹیکر 28 ستمبر کو ہی ایک ایجنسی کے ذریعے اگروال کے گھر کام پر آیا تھا۔ واردات کے بعد سے وہ لاپتہ ہے۔ پولیس اس کی تلاش کے لیے ممکنہ ٹھکانوں اور رابطوں کی معلومات اکٹھا کر رہی ہے۔ گھر میں کام کرنے والے دیگر ملازمین اور آس پاس کے لوگوں سے بھی پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔ راکیش اگروال اور ان کی اہلیہ کے اکلوتے بیٹے کے امریکہ میں مقیم ہونے کی جانکاری سامنے آئی ہے۔

واقعے کی اطلاع ملتے ہی پولیس افسران اور فارینسک ٹیم موقع پر پہنچی۔ ٹیم نے جائے وقوعہ سے ضروری شواہد اکٹھے کیے ہیں۔ پولیس آس پاس نصب سی سی ٹی وی کیمروں کی ریکارڈنگ بھی کھنگال رہی ہے، تاکہ رات کے وقت گھر کے قرب و جوار میں آنے جانے والوں کا پتہ لگایا جا سکے۔ لاش کو پوسٹ مارٹم کے لیے روانہ کر دیا گیا ہے۔

راکیش اگروال مدھیہ پردیش کیڈر کے 1982 بیچ کے آئی اے ایس افسر تھے۔ انہوں نے اپنے پورے کیریئر میں ضلع کلکٹر، ڈپٹی سکریٹری، جوائنٹ سکریٹری، ایڈیشنل سکریٹری، مینیجنگ ڈائریکٹر، ڈائریکٹر، سکریٹری، پرنسپل سکریٹری اور سکریٹری سمیت مختلف عہدوں پر خدمات انجام دیں۔ اگروال انتظامی اکیڈمی سے بھی وابستہ تھے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / انظر حسن


 rajesh pande