
لندن، 27 ستمبر (ہ س)۔
برطانیہ کے جنوب مغربی حصے میں امریکی فضائیہ کے زیر استعمال ایک ایئربیس کے قریب مبینہ مشتبہ سرگرمی کے معاملے میں پانچ افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔ لندن کی میٹروپولیٹن پولیس نے بتایا کہ ان افراد کے خلاف ”دہشت گردانہ سرگرمی کی سازش“ کے شبہ میں کارروائی کی گئی ہے۔
میٹروپولیٹن پولیس کے مطابق گلوسٹر شائر میں واقع آر اے ایف فیئر فورڈ کے قریب رات کے وقت پیش آنے والے ایک واقعے کی تحقیقات اب انسداد دہشت گردی پولیس کر رہی ہے۔ اس سے قبل گلوسٹر شائر پولیس نے پانچوں افراد کو دھماکہ خیز مواد سے متعلق قوانین کے تحت مشتبہ جرائم کے الزام میں حراست میں لیا تھا۔
پولیس کے مطابق آر اے ایف فیئر فورڈ برطانوی فضائیہ کا ایک اڈہ ہے اور یہاں امریکی بمبار طیارے بھی استعمال ہوتے ہیں۔ واقعے کے بعد فوج کے بم ڈسپوزل ماہرین کو طلب کیا گیا، جنہوں نے متعدد گاڑیوں کی جانچ شروع کی۔
پولیس نے معاملے کو سنگین قرار دیتے ہوئے اسے ”میجر انسیڈنٹ“ قرار دیا۔ اسکائی نیوز کی جانب سے جاری فضائی تصاویر میں تین سفید ٹرکوں کے اردگرد بم ڈسپوزل روبوٹ کو کام کرتے ہوئے دیکھا گیا۔ ان میں سے دو گاڑیوں کے پچھلے دروازے کھلے ہوئے تھے جبکہ آس پاس کچھ بڑے سیاہ رنگ کے سامان بکھرے ہوئے نظر آئے۔
فی الحال پولیس کی تحقیقات جاری ہیں اور گرفتار کیے گئے پانچوں افراد سے واقعے کے مشتبہ حالات کے حوالے سے پوچھ گچھ کی جا رہی ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ