
کھونٹی، 27 ستمبر (ہ س)۔
28 سے 30 ستمبر تک ہونے والی تین روزہ ملک گیر بینک ہڑتال کے باعث کھونٹی میں کاروباری سرگرمیوں کے متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔ یونائیٹڈ فورم آف بینک یونینز کی اپیل پر ہونے والی اس ہڑتال کے دوران سرکاری شعبے کے بینکوں اور علاقائی دیہی بینکوں کی شاخوں میں بینکنگ خدمات متاثر رہنے کا امکان ہے۔
کھونٹی چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹریز کے سکریٹری مکیش جیسوال نے بتایا کہ ہڑتال مہینے کے آخری دنوں میں ہو رہی ہے، اس لیے کاروباری لین دین اور مالی سرگرمیوں پر اس کا خاص اثر پڑ سکتا ہے۔ اس دوران نقدی اور لیکویڈیٹی کی کمی کا مسئلہ پیدا ہونے کے ساتھ ساتھ قرض کی کارروائی اور ضروری دستاویزی مراحل بھی متاثر ہونے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ چیک کلیئرنس اور کاروباری ادائیگیوں میں رکاوٹ کے باعث تاجروں کو ادائیگی سے متعلق مشکلات کا سامنا کرنا پڑ سکتا ہے۔ مہینے کے اختتام پر اکاو¿نٹس کی کلوزنگ کا عمل بھی جاری رہتا ہے، جس کی وجہ سے تجارتی اداروں اور کاروباری افراد کی مشکلات مزید بڑھ سکتی ہیں۔
تاہم، ڈیجیٹل بینکنگ خدمات کے ذریعے تاجروں اور عام صارفین کو کچھ راحت ملنے کی امید ہے۔ ہڑتال کے دوران انٹرنیٹ بینکنگ اور موبائل بینکنگ جیسی ڈیجیٹل خدمات جاری رہنے کی صورت میں آن لائن ادائیگی سمیت دیگر ڈیجیٹل لین دین کیے جا سکیں گے۔
چیمبر نے تاجروں سے اپیل کی ہے کہ وہ ہڑتال کی مدت کو مدنظر رکھتے ہوئے ضروری نقدی اور ادائیگیوں سے متعلق انتظامات پہلے ہی کر لیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ