
۔ہندوستان نے کبڈی میں تاریخ رقم کی، خواتین اور مردوں ،دونوں ٹیموں نے سونے کے تمغے پر قبضہ جمایا
توکائی، 26 ستمبر (ہ س)۔ ہندوستان نے ایشیائی کھیل 2026 میں کبڈی میں سنہری کامیابی کو دوگنا کرتے ہوئے ہفتہ کو تاریخ رقم کردی۔ ہندوستانی مردوں کی ٹیم نے سنسنی خیز فائنل میں ایران کو 34-40 سے شکست دے کر مسلسل دوسری بار ایشیائی کھیلوںمیں سوناکا تمغہ اپنے نام کرلیا۔ اس سے چند گھنٹے قبل ہندوستان کی خواتین کی ٹیم نے بھی ایران کو 34-37 سے شکست دے کر اپنا خطاب برقرار رکھا تھا۔
مردوں کی ٹیم کی جیت کے ساتھ ہی ہندوستان نے ایشیائی کھیلوں میں نویں مرتبہ مردوں کے زمرے میں کبڈی کاسونے تمغہ جیت کر اپنا ریکارڈ مزید مضبوط کرلیا۔ کبڈی کو 1990 میں ایشیائی کھیلوں میں شامل کیے جانے کے بعد ہندوستان صرف 2018 کے جکارتہ کھیلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے میں ناکام رہا تھا، جہاں ٹیم کو کانسے کے تمغے پر اکتفا کرنا پڑا تھا۔ ہانگژو 2022 میں ہندوستان نے ایک بار پھر سونے کا تمغہ اپنے نام کیا تھا۔
توکائی سٹیزن جمنازیم میں کھیلے گئے سنسنی خیز فائنل میں دونوں ٹیموں کے درمیان زبردست مقابلہ دیکھنے کو ملا۔ پہلے ہاف میں ایران نے ہندوستانی ٹیم کو سخت چیلنج دیا اور 17-18 کی برتری کے ساتھ ہاف ٹائم تک پہنچا۔ ایران نے ایک آل آؤٹ حاصل کیا، جبکہ ہندوستان کی جانب سے ڈیفنس نے دو سپر ٹیکل پوائنٹ حاصل کیے۔
تاہم دوسرے ہاف میں ہندوستانی کھلاڑیوں نے شاندار واپسی کرتے ہوئے مقابلے پر مکمل کنٹرول حاصل کرلیا۔ سمت اور ارجن دیشوال نے ٹیم کی واپسی میں اہم کردار ادا کیا۔ 20-20 کی برابری کے بعد ہندوستان نے ڈیفنسمیں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ سمت نے مؤثر ٹیکل کرتے ہوئے ایرانی ریڈروں پر دباو¿ برقرار رکھا۔ اس کے بعد راہل کے فیصلہ کن ٹیکل کی مدد سے ہندوستان نے ایران کو آل آؤٹ کرکے 24-29 کی برتری حاصل کرلی۔
اس کے بعد ہندوستانی کھلاڑیوں نے مسلسل پوائنٹ حاصل کیے اور مقابلے کو اپنے حق میں کرلیا۔ آخرکار ہندوستان نے 34-40 سے کامیابی حاصل کرتے ہوئے سونے کے تمغے پر قبضہ جمالیا۔
اس سے قبل ہندوستانی خواتین کی کبڈی ٹیم نے بھی انتہائی سنسنی خیز فائنل میں ایران کو 34-37 سے شکست دی۔ مقابلے کے آخری لمحات میں ایران نے واپسی کی کوشش کی، لیکن ہندوستانی ڈیفنس نے شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کیا۔ میچ ختم ہونے سے تقریباً ایک منٹ قبل ایران کو پوائنٹ کی ضرورت تھی، لیکن ہندوستان نے آئناز پر اہم ٹیکل کرتے ہوئے مقابلے کو تقریباً اپنے نام کرلیا۔
خواتین کی ٹیم کا یہ مسلسل دوسرا ایشیائی کھیل میں سونے کا تمغہ ہے۔ ہانگزو میں بھی ہندوستانی خواتین نے سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
کبڈی میں دونوں سونے کے تمغوں کے ساتھ ہندوستان نے آئیچی-ناگویا ایشیائی کھیلوں میں اب تک چار سونے کے تمغے جیت لیے ہیں۔ اس سے قبل ہندوستانی خواتین کی کرکٹ ٹیم اور سسروچی سنگھ و کمل جیت کی جوڑی نے 10 میٹر ایئر پسٹل مکسڈ ٹیم مقابلے میں سونے کا تمغہ جیتا تھا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد