
نیشیو، 26 ستمبر (ہ س)۔ دولت مشترکہ کھیلوں میں سونے کا تمغہ جیتنے والی پریا گھنگھاس نے ہفتہ کو ایشیائی کھیلوں میں شاندار کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے خواتین کے 60 کلوگرام زمرے کے پری کوارٹر فائنل میں جنوبی کوریا کی دو بار کی عالمی تمغہ جیتنے والی اوہ یون جی کو یکطرفہ مقابلے میں 5-0 سے شکست دے دی۔
نیشیو جمنازیم میں کھیلے گئے مقابلے میں پریا نے تینوں راؤنڈ میں اپنا دبدبہ برقرار رکھا۔ پانچوں ججوں نے ہندوستانی مکے باز کے حق میں فیصلہ دیا۔ تین ججوں نے 27-30 جبکہ دو ججوں نے 28-29 کا اسکور دیا۔
پریا نے پہلے راونڈ میں درست مکے لگائے اور اوہ یون جی کو اسٹینڈنگ کاونٹ کے لیے مجبور کردیا۔ ان کے تیز جب کے سامنے جنوبی کوریائی مکے باز مسلسل دباو میں نظر آئیں۔ پریا نے یہ راؤنڈ 10-5 سے اپنے نام کیا۔
دوسرے راؤنڈ میں بھی پریا نے شاندار دفاع کے ساتھ جوابی حملے کیے۔ ان کے بائیں ہاتھ کے جیب نے اوہ کو پریشان کیا اور ہندوستانی باکسر نے یہ راؤنڈ بھی 0-5 سے جیت لیا۔تیسرے راونڈ میں اوہ یون جی نے واپسی کی کوشش کرتے ہوئے جارحانہ انداز اختیار کیا، لیکن پریا نے تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے موثر جوابی مکے لگائے۔ انہوں نے یہ راؤنڈ 2-3 سے اپنے حق میں کیا اور مقابلہ 0-5 سے جیت کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنالی۔
اب پریا پیر کو کوارٹر فائنل میں تاجکستان کی مزگونا سمدووا سے مقابلہ کریں گی۔ اس مقابلے میں کامیابی انہیں سیمی فائنل میں پہنچانے کے ساتھ تمغہ بھی یقینی بنا دے گی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد