
ممبئی، 25 ستمبر(ہ س)۔ اداکار مشتاق خان کی موت نے پوری فلم انڈسٹری کو صدمہ میں ڈال دیا ہے۔ 75 سالہ اداکار طویل عرصے سے کینسر سے لڑ رہے تھے اور ممبئی کے ناناوتی اسپتال میں زیر علاج تھے۔ ان کی موت کی خبر کے بعد اداکار راجپال یادو نے سوشل میڈیا پر مشتاق کے ساتھ اپنی آخری ملاقات کو یاد کرتے ہوئے جذباتی خراج عقیدت پیش کیا۔ راجپال نے بتایا کہ وہ موت سے چند گھنٹے قبل ہی مشتاق سے اسپتال میں ملے تھے۔
راجپال نے 24 ستمبر کو مشتاق کی تصویر شیئر کی اور لکھا کہ وہ دوپہر کو ان سے ملنے اسپتال گئے تھے۔ مشتاق نے انہیں دیکھا، ہاتھ ملایا اور ان کی باتوں کا جواب بھی دیا۔ راجپال نے لکھا کہ انہیں اب بھی یقین نہیں آتا کہ جس شخص سے وہ چند گھنٹے پہلے ملے تھے اور جس سے انہوں نے ہاتھ ملایا تھا وہ اب ان کے ساتھ نہیں ہے۔ انہوں نے مشتاق کو شاندار خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے انہیں ایک مقبول اور بہترین اداکار قرار دیا۔ راجپال نے اس سے قبل ملاقات کی ایک ویڈیو شیئر کی تھی، جسے بعد میں حذف کر دیا گیا۔ تاہم اس ویڈیو کو ایک صارف نے سوشل میڈیا پر دوبارہ شیئر کیا۔
ویڈیو میں مشتاق اسپتال کے بستر پر نظر آرہے ہیں اور راجپال ان کا ہاتھ تھامے نظر آرہے ہیں۔ راجپال کو بھی انہیں جلد صحت یاب ہونے کا یقین دلاتے ہوئے سنا جارہا ہے۔ اداکار سنی دیول نے بھی مشتاق کو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کی تصویر شیئر کی اور ان کے اہل خانہ سے تعزیت کا اظہار کیا۔ بتایا گیا کہ مشتاق پھیپھڑوں کے کینسر میں مبتلا تھے اور علاج کے دوران ان کی صحت بگڑ گئی۔ اپنے طویل فلمی کیریئر میں انہوں نے ویلکم، غدر: ایک پریم کتھا، استری 2، عاشقی، مجھ سے شادی کروگی اور ہم ہیں راہی پیار کے جیسی فلموں میں یادگار کردار ادا کیے۔
ہندوستھان سماچار
--------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی