
نوئیڈا، 24 ستمبر (ہ س): اتر پردیش کے نوئیڈا کے تحت یمنا ایکسپریس وے پر ڈبل ڈیکر بس میں آگ لگنے سے نو افراد کی موت کے معاملے میں بس میں سوار ہمیرپور ضلع کے راٹھ کے رہنے والے سنیل کمار نے جیور تھانے میں بس کے ڈرائیور اور کنڈکٹر وغیرہ کے خلاف غیر ارادی قتل کی دفعات کے تحت مقدمہ درج کرایا ہے۔
پولیس ڈپٹی کمشنر زون سوم روی شنکر نم نے جمعرات کو بتایا کہ پولیس نے اس معاملے میں بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 281، 125 (بی)، 105 اور 351(3) کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس نے واقعے کی رپورٹ درج کرکے معاملے کی تفتیش شروع کردی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ پولیس لاشوں کی شناخت کرانے کی کوشش کر رہی ہے۔ کئی لاشیں بری طرح جھلس جانے کے باعث مسخ ہوگئی ہیں۔
پولیس افسران کے مطابق کچھ لاشوں کی شناخت کے لیے ڈی این اے ٹیسٹ بھی کرانا پڑ سکتا ہے۔
اس افسوسناک واقعے کا نوٹس لیتے ہوئے اتر پردیش کے وزیر اعلیٰ یوگی آدتیہ ناتھ نے گہرے رنج و غم کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے متوفیوں کے اہل خانہ سے تعزیت کرتے ہوئے ان کے لواحقین کو دو دو لاکھ روپے اور زخمیوں کو 50 ہزار روپے کی مالی امداد دینے کا اعلان کیا ہے۔ وزیر اعلیٰ نے افسران کو سخت ہدایت دی ہے کہ وہ موقع پر پہنچیں اور متوفیوں کے اہل خانہ سے بات کرکے تمام قانونی کارروائی جلد از جلد مکمل کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد