
کھٹمنڈو، 24 ستمبر (ہ س): ملک میں شدید بارش کے الرٹ کے پیش نظر حکومت نے 24 سے 27 ستمبر تک ملک بھر کے اسکولوں میں تعطیل کرنے کی اپیل کی ہے۔ محکمہ آبی وسائل و موسمیات اور قومی ڈیزاسٹر رسک ریڈکشن اینڈ مینجمنٹ اتھارٹی (این ڈی آر آر ایم اے) نے اس مدت کے دوران ملک کے مختلف حصوں میں شدید سے انتہائی شدید بارش، برف باری اور آسمانی بجلی گرنے کا امکان ظاہر کیا ہے۔
این ڈی آر آر ایم اے کی پیش گوئی کی بنیاد پر وزارت تعلیم و کھیل نے تمام تعلیمی ترقی اور رابطہ اکائیوں کو خط بھیج کر مقامی اداروں کے ساتھ تال میل کرتے ہوئے ضرورت کے مطابق اسکولوں میں تعطیل کرنے کی ہدایت دی ہے۔ وزارت کے جوائنٹ سکریٹری شری پرساد بھٹّرائی کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ خراب موسم کے باعث سیلاب، زمین کے تودے کھسکنے، پانی جمع ہونے، دریاؤں کے کٹاؤ اور سڑکوں کی بندش جیسے خطرات پیدا ہوسکتے ہیں۔ وزارت نے لوگوں سے خوف زدہ ہونے کے بجائے پیشگی تیاری اور احتیاط برتنے کی اپیل کی ہے۔ ساتھ ہی طلبہ، بچوں، اساتذہ اور ملازمین کی سلامتی کو مدنظر رکھتے ہوئے اسکولوں میں تعطیل کے انتظام کے لیے ضروری تال میل اور سہولت کاری کرنے کو کہا گیا ہے۔
وزارت نے اس دوران مقررہ یونیورسٹیوں اور دیگر امتحانات منعقد کرنے والے اداروں کے امتحانات کو بھی ضرورت کے مطابق ملتوی کرنے کی ہدایت دی ہے۔ قدرتی آفت کی صورت حال میں اگر محفوظ اسکول کی عمارتوں کو عارضی پناہ گاہ کے طور پر استعمال کرنے کی ضرورت پڑے تو مقامی اداروں کو اس سلسلے میں تعاون اور تال میل کرنے کی ہدایت متعلقہ اداروں کو دی گئی ہے۔
وزارت نے والدین سے خصوصی اپیل کرتے ہوئے کہا ہے کہ وہ اپنے بچوں کو دریاؤں، نالوں، تالابوں اور لینڈ سلائیڈنگ کے خطرے والے مقامات پر جانے سے روکیں اور موسمی صورت حال کو دیکھتے ہوئے انتہائی محتاط رہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد