
کولکاتا، 23 ستمبر (ہ س):۔
مغربی بنگال کی سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی نے بدھ کے روز چیف الیکشن کمشنر گیانیش کمار کی فوری گرفتاری اور ریاست میں ایس آئی آر سے قبل کی ووٹر لسٹ کی بنیاد پر نئے سرے سے اسمبلی انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔ انہوں نے سنگین الزامات عائد کرتے ہوئے کہا کہ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) اور الیکشن کمیشن نے مل کر رواں سال کے اوائل میں ہونے والے انتخابات میں دھاندلی کی ہے۔
ان کا یہ سخت ردعمل ان حالیہ رپورٹس کے بعد سامنے آیا ہے جن میں دعویٰ کیا گیا تھا کہ الیکشن کمشنروں سکھبیر سنگھ سندھو اور وویک جوشی نے ملک بھر میں ایس آئی آر کے دوران مختلف ریاستوں میں نام حذف کیے جانے سمیت کئی اہم معاملات پر تشویش کا اظہار کیا تھا۔ رپورٹ کے مطابق، دونوں کمشنروں نے گزشتہ 10 ماہ کے دوران ایس آئی آر سے متعلق فیصلوں اور احکامات پر کم از کم 14 مرتبہ باضابطہ طور پر اعتراض درج کرایا تھا۔ ان میں سے بعض فیصلے مبینہ طور پر ان کی اطلاع کے بغیر کیے گئے تھے۔ اس انکشاف کے بعد ایک بڑا سیاسی تنازع کھڑا ہو گیا ہے۔
فیس بک لائیو کے ذریعے عوام سے خطاب کرتے ہوئے سابق وزیر اعلیٰ نے کہا کہ اب یہ پوری طرح ثابت ہو چکا ہے کہ الیکشن کمیشن اور حکمراں جماعت نے مل کر مغربی بنگال کے اسمبلی انتخابات کو لوٹا ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ جب تک گیانیش کمار چیف الیکشن کمشنر کے عہدے پر برقرار رہیں گے، پورے ملک میں بڑے پیمانے پر احتجاجی مظاہرے ہوں گے۔
ممتا بنرجی نے کہا کہ چیف الیکشن کمشنر کو فوری طور پر گرفتار کرکے جیل بھیج دیا جانا چاہیے، کیونکہ یہ آئینی عہدہ ان جیسے شخص کے لیے نہیں ہے۔ انہوں نے اسے ”سمجھوتہ کرنے والے الیکشن کمشنروں“ اور ملک کو تباہ کرنے والی طاقتوں سے آزادی کی ایک اور لڑائی قرار دیا اور پرانی ووٹر لسٹ کی بنیاد پر دوبارہ انتخابات کرانے کا مطالبہ کیا۔
تاہم، الیکشن کمیشن نے ان الزامات کی وضاحت کرتے ہوئے کہا ہے کہ ووٹر لسٹ کی نظرثانی سے متعلق تمام فیصلے تینوں الیکشن کمشنروں کی باہمی رضامندی اور مکمل منظوری سے ہی کیے گئے تھے۔
اس دوران ممتا بنرجی نے بتایا کہ اپوزیشن اتحاد ’انڈیا‘ میں شامل جماعتوں نے اس سنگین معاملے پر آپس میں تبادلہ خیال کیا ہے اور جلد ہی اس سلسلے میں ایک اہم میٹنگ منعقد کی جائے گی۔
واضح رہے کہ یہ نیا تنازع ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل الیکشن کمیشن نے پارٹی پر کنٹرول کے حوالے سے جاری اندرونی گروہی تنازع کے درمیان ’آل انڈیا ترنمول کانگریس‘ کے نام اور اس کے محفوظ روایتی ’پھول اور گھاس‘ والے انتخابی نشان کے استعمال پر پابندی عائد کر دی تھی۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ