خریداری کے رجحان سے شیئر بازار مضبوطی کے ساتھ بند، سرمایہ کاروں کی دولت میں 1.79 لاکھ کروڑ روپے کا اضافہ
نئی دہلی، 23 ستمبر (ہ س)۔ میٹل اور ایف ایم سی جی شعبوں میں تیزی اور وسیع تر بازار میں مسلسل خریداری کے سبب گھریلو شیئر بازار بدھ کے روز مضبوطی کے ساتھ بند ہوا۔ کاروبار کے آغاز سے ہی دونوں اہم اشاریوں میں تیزی رہی، اگرچہ پہلے گھنٹے کے دوران معمولی ا
خریداری کے رجحان سے شیئر بازار مضبوطی کے ساتھ بند، سرمایہ کاروں کی دولت میں 1.79 لاکھ کروڑ روپے کا اضافہ


نئی دہلی، 23 ستمبر (ہ س)۔ میٹل اور ایف ایم سی جی شعبوں میں تیزی اور وسیع تر بازار میں مسلسل خریداری کے سبب گھریلو شیئر بازار بدھ کے روز مضبوطی کے ساتھ بند ہوا۔ کاروبار کے آغاز سے ہی دونوں اہم اشاریوں میں تیزی رہی، اگرچہ پہلے گھنٹے کے دوران معمولی اتار چڑھاؤ دیکھا گیا۔ اس کے بعد خریداروں کی سرگرمی بڑھنے سے سینسیکس اور نفٹی میں تیزی کا رجحان مضبوط ہوگیا۔

دوپہر دو بجے کے بعد کچھ دیر کے لیے منافع وصولی کے سبب دونوں اشاریوں میں معمولی گراوٹ آئی، تاہم فروخت کے دباؤ کے باوجود دونوں سبز نشان میں برقرار رہے۔ دن بھر کے کاروبار کے اختتام پر سینسیکس میں 0.40 فیصد اور نفٹی میں 0.51 فیصد کا اضافہ درج کیا گیا۔بی ایس ای کا سینسیکس 119.24 پوائنٹس یعنی 0.16 فیصد کی مضبوطی کے ساتھ 74,648.32 پوائنٹس پر کھلا۔ ابتدائی کاروبار میں خریداروں اور فروخت کنندگان کے درمیان رسہ کشی کے باعث اتار چڑھاؤ رہا اور سینسیکس تقریباً 50 پوائنٹس گر کر 74,599.88 پوائنٹس تک پہنچ گیا۔ بعد ازاں مختلف شعبوں کے شیئروں میں خریداری بڑھنے سے بازار میں تیزی آگئی۔

مسلسل خریداری کے باعث دوپہر تقریباً 2:30 بجے سینسیکس 444.66 پوائنٹس یعنی 0.60 فیصد بڑھ کر 74,973.74 پوائنٹس کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا۔ بعد میں منافع وصولی کے سبب اس میں کچھ کمی آئی اور یہ دن کی بلند ترین سطح سے تقریباً 145 پوائنٹس نیچے آکر 299.17 پوائنٹس یعنی 0.40 فیصد کے اضافے کے ساتھ 74,828.25 پوائنٹس پر بند ہوا۔اسی طرح این ایس ای کا نفٹی بھی 23.15 پوائنٹس یعنی 0.10 فیصد کے اضافے کے ساتھ 23,352.15 پوائنٹس پر کھلا۔ ابتدائی ایک گھنٹے میں اتار چڑھاؤ کے بعد خریداری میں تیزی آئی۔ دوپہر دو بجے کے بعد نفٹی 137.90 پوائنٹس یعنی 0.59 فیصد بڑھ کر 23,466.90 پوائنٹس کی بلند ترین سطح تک پہنچا۔ بعد میں منافع وصولی کے سبب معمولی گراوٹ آئی اور نفٹی 117.80 پوائنٹس یعنی 0.51 فیصد کے اضافے کے ساتھ 23,446.80 پوائنٹس پر بند ہوا۔

دن بھر میٹل شعبے کے شیئروں میں زبردست خریداری دیکھی گئی، جس کے نتیجے میں بی ایس ای میٹل انڈیکس 2.37 فیصد مضبوط ہوا۔ ایف ایم سی جی شعبے میں بھی خریداری کے سبب اس کا انڈیکس 1.30 فیصد کی تیزی کے ساتھ بند ہوا۔

اس کے علاوہ رئیلٹی، ٹیلی کام، بینکنگ، آٹو موبائل، کیپٹل گڈز، کنزیومر ڈوریبلز، ہیلتھ کیئر، آئل اینڈ گیس اور پبلک سیکٹر انٹرپرائزز کے انڈیکس بھی سبز نشان میں بند ہوئے۔

دوسری جانب آئی ٹی شعبے میں فروخت کے دباؤ کے باعث نفٹی آئی ٹی انڈیکس 0.87 فیصد کمزور ہوا۔ بی ایس ای ٹیک انڈیکس میں 0.31 فیصد اور میڈیا انڈیکس میں 0.76 فیصد کی گراوٹ درج کی گئی۔وسیع تر بازار میں خریداری کا رجحان برقرار رہا، جس کے نتیجے میں نفٹی مڈ کیپ انڈیکس 0.70 فیصد اور اسمال کیپ انڈیکس 0.89 فیصد مضبوط ہوا۔

شیئر بازار میں تیزی کے سبب بی ایس ای میں درج کمپنیوں کی مجموعی مارکیٹ ویلیو بڑھ کر 483.54 لاکھ کروڑ روپے (عارضی) ہوگئی، جبکہ منگل کے روز کاروبار کے اختتام پر یہ 481.75 لاکھ کروڑ روپے تھی۔ اس طرح ایک ہی کاروباری دن میں سرمایہ کاروں کی دولت میں تقریباً 1.79 لاکھ کروڑ روپے کا اضافہ ہوا۔بی ایس ای پر آج مجموعی طور پر 4,597 شیئروں میں کاروبار ہوا۔ ان میں 2,809 شیئر اضافے کے ساتھ، 1,579 گراوٹ کے ساتھ، جبکہ 209 شیئر بغیر کسی نمایاں تبدیلی کے بند ہوئے۔این ایس ای پر 3,230 شیئروں میں کاروبار ہوا، جن میں 2,147 شیئر سبز نشان میں اور 1,083 شیئر سرخ نشان میں بند ہوئے۔ سینسیکس کے 30 شیئروں میں سے 21 میں تیزی اور 9 میں گراوٹ رہی، جبکہ نفٹی کے 50 شیئروں میں 34 میں اضافہ، 15 میں کمی اور ایک شیئر میں کوئی تبدیلی نہیں ہوئی۔

بڑے شیئروں میں بجاج فائنانس 3.41 فیصد، ہنڈالکو انڈسٹریز 3.17 فیصد، ٹاٹا اسٹیل 3.16 فیصد، اپولو اسپتال 2.64 فیصد اور جے ایس ڈبلیو اسٹیل 2.43 فیصد کی تیزی کے ساتھ نمایاں گینرز میں شامل رہے۔

دوسری جانب ایچ سی ایل ٹیکنالوجیز 1.08 فیصد، ٹائٹن کمپنی 0.98 فیصد، انفوسس 0.86 فیصد، کول انڈیا 0.81 فیصد اور ٹی سی ایس 0.73 فیصد کی گراوٹ کے ساتھ نمایاں خسارے والے شیئروں میں شامل رہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande