
پریاگ راج، 2 ستمبر (ہ س)۔ اتر پردیش کے پریاگ راج ضلع میں بدھ کو موسم میں تبدیلی کا امکان ہے۔ پریاگ راج سمیت ریاست کے کئی اضلاع میں گرج چمک کے ساتھ ہلکی سے درمیانی بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بعض علاقوں میں درمیانی سے تیز بارش ہونے کا بھی امکان ہے۔ یہ پیش گوئی بدھ کی صبح ہندوستانی محکمہ موسمیات کے لکھنؤ مرکز نے جاری کی ہے۔
محکمہ موسمیات نے آسمانی بجلی گرنے کے حوالے سے لوگوں کو محتاط رہنے کا مشورہ دیا ہے۔ بدھ کی صبح جاری فوری پیش گوئی کے مطابق پریاگ راج سمیت سون بھدر، مرزاپور، چندولی، سنت روی داس نگر، پرتاپ گڑھ، چترکوٹ، مہوبا، باندا، کوشامبی، فتح پور، جالون، رائے بریلی، امیٹھی، جھانسی، اٹاوہ، آگرہ، فیروز آباد، مین پوری، ایٹا، کاس گنج، سلطان پور، ایودھیا، لکھنؤ، بارہ بنکی، فرخ آباد، سیتاپور، بہرائچ، گونڈہ، بلرام پور، شراوستی، شاہجہاں پور، لکھیم پور کھیری، بریلی، پیلی بھیت، رام پور، بدایوں، بلند شہر، سنبھل، ہاپوڑ، امروہہ، مرادآباد اور میرٹھ میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے۔
وہیں چترکوٹ، مہوبا، باندا، کوشامبی، ہمیر پور، فتح پور، جالون، رائے بریلی، کانپور نگر، جھانسی، اٹاوہ، مین پوری، کانپور دیہات، اناو، اوریا، لکھنؤ، بارہ بنکی، قنوج، ہردوئی، فرخ آباد، سیتاپور، بہرائچ، شاہجہاں پور، لکھیم پور کھیری، بریلی، پیلی بھیت اور بدایوں میں بعض مقامات پر گرج چمک کے ساتھ درمیانی سے تیز بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔
چندر شیکھر آزاد زرعی و ٹیکنالوجی یونیورسٹی (سی ایس اے)، کانپور کے ماہر موسمیات ڈاکٹر ایس این سنیل پانڈے نے بتایا کہ اتر پردیش کے کئی حصوں میں فضا میں نمی برقرار ہے۔ اس کی وجہ سے مقامی سطح پر بادل بن رہے ہیں۔ پریاگ راج اور آس پاس کے علاقوں میں بدھ کو گرج چمک کے ساتھ بارش اور کہیں کہیں تیز بونداباندی ہو سکتی ہے۔ انہوں نے بتایا کہ بارش کے دوران آسمانی بجلی چمکنے کی صورت میں کھلے میدان، درختوں اور بجلی کے کھمبوں کے قریب کھڑے ہونے سے گریز کرنا چاہیے۔ موسم میں اچانک تبدیلی کی صورت میں لوگوں کو محفوظ مقام پر رہنے کا مشورہ دیا گیا ہے۔
ماہر موسمیات کے مطابق پریاگ راج میں بادلوں کی آمد و رفت کے درمیان وقفے وقفے سے بارش ہونے کا امکان ہے۔ بارش کے باعث درجہ حرارت میں بھی کچھ کمی آ سکتی ہے۔ انہوں نے کسانوں کو بھی موسمی حالات کو دیکھتے ہوئے کھیتوں میں ضروری احتیاط برتنے کا مشورہ دیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد