
جموں, 02 ستمبر (ہ س)۔
جموں و کشمیر پولیس اور ٹریفک پولیس نے گاڑیوں کی نمبر پلیٹ چھپانے یا اس میں ردوبدل کرنے والوں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے گزشتہ 10 روز کے دوران 158 گاڑیاں ضبط یا جرمانہ عائد کی ہیں۔
پولیس حکام کے مطابق بعض گاڑی مالکان نگرانی کیمروں کی گرفت سے بچنے اور برقی جرمانوں سے فرار حاصل کرنے کے لیے نمبر پلیٹ کو پلاسٹک، ٹیپ، مٹی یا دیگر اشیا سے ڈھانپ رہے تھے۔ بعض معاملات میں نمبر پلیٹ کے ہندسے سیاہ کرنے یا انہیں جان بوجھ کر مٹانے کی بھی نشاندہی ہوئی ہے۔
ایس ایس پی ٹریفک جموں امیت بھاسن نے کہا کہ نمبر پلیٹ چھپانا غیر قانونی ہے اور اس خلاف ورزی پر موٹر وہیکل قانون کی دفعہ 192(1) کے تحت 5 ہزار روپے تک جرمانہ عائد کیا جا سکتا ہے۔ جعلی نمبر پلیٹ یا ہندسوں اور حروف کو جان بوجھ کر مٹانے کی صورت میں گاڑی ضبط کرنے کے ساتھ مقدمہ بھی درج کیا جا سکتا ہے۔
حکام نے بتایا کہ خصوصی مہم کے دوران 165 گاڑیاں تیز رفتاری، 59 ڈرائیوروں کو دورانِ ڈرائیونگ موبائل فون استعمال کرنے پر کارروائی کی گئی، جبکہ 3057 گاڑیوں کو غلط پارکنگ پر جرمانہ یا ضبط کیا گیا۔
اس کے علاوہ 18 گاڑیوں کے خلاف شور کی آلودگی، 6 کے خلاف غیر مجاز تبدیلیاں کرنے اور 4 کے خلاف خطرناک ڈرائیونگ پر کارروائی کی گئی۔
پولیس حکام نے کہا کہ نمبر پلیٹ چھپانے کا معاملہ صرف ٹریفک خلاف ورزی نہیں بلکہ حساس خطے جموں و کشمیر میں سلامتی کے لیے بھی تشویش کا باعث بن سکتا ہے۔ جرائم پیشہ عناصر، منشیات اسمگلروں اور چوروں کی جانب سے شناخت سے بچنے کے لیے ایسی نمبر پلیٹیں استعمال کیے جانے کا خدشہ ہے۔
پولیس نے جموں خطے کے تمام تھانہ انچارجوں کو ایسی خلاف ورزیوں کے خلاف سخت کارروائی کی ہدایت دی ہے۔ حکام نے گاڑی مالکان سے اپیل کی ہے کہ نمبر پلیٹ واضح طور پر آویزاں رکھیں اور مقررہ اصولوں کی پابندی کریں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر