
علی گڑھ، 02 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کی فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کے زیر اہتمام طلبہ میں انٹریپرینیورشپ کے حوالے سے بیداری پیدا کرنے کے لیے ایک خصوصی ورکشاپ منعقد کی گئی۔
ورکشاپ کے مہمانِ خصوصی ایم آصف حبیب، بانی ہیبسنس انٹرنیشنل گروپ، نئی دہلی نے طلبہ سے کہا کہ وہ مناسب وقت کے انتظار کے بجائے اپنے کاروباری سفر کا آغاز کریں۔ انہوں نے کہا کہ انٹریپرینیورشپ حقیقی مسائل کے حل اور معاشرے کے لیے قدر پیدا کرنے کا نام ہے۔
انہوں نے طلبہ کو ملازمت تلاش کرنے کے بجائے ملازمتیں پیدا کرنے والا بننے کی ترغیب دی اور ابلاغی صلاحیت، مالیاتی معلومات، دیانت داری، حالات کے مطابق خود کو ڈھالنے اور مصنوعی ذہانت و ٹیکنالوجی کے مؤثر استعمال کی اہمیت پر زور دیا۔
مہمانِ اعزازی، سابق آئی اے ایس افسر اور گلوکل ہیلتھ کیئر سسٹم انڈیا کے چیئرمین ڈاکٹر سید صباحت عظیم نے آن لائن کلیدی خطاب میں اپنے پیشہ ورانہ سفر کا ذکر کرتے ہوئے طلبہ کو مواقع کا انتظار کرنے کے بجائے خود مواقع پیدا کرنے کی تلقین کی۔ انہوں نے وقت کی پابندی، پیشہ ورانہ رویے، دیانت داری اور غلطیوں سے سیکھنے کی اہمیت اجاگر کی۔
مہمان ذی وقار طاہر کبیر نے اختراع اور طلبہ کے لیے بہتر مواقع فراہم کرنے کے لیے تعلیمی اداروں اور صنعتوں کے درمیان مضبوط تعاون کی ضرورت پر زور دیا۔
فیکلٹی آف مینجمنٹ اسٹڈیز اینڈ ریسرچ کے ڈین اور ورکشاپ کے کنوینر پروفیسر محمد نوید خان نے بتایا کہ یہ ورکشاپ مسلسل تیسرے سال منعقد کی جا رہی ہے اور طلبہ کو ممتاز صنعت کاروں اور یونیورسٹی کے سابق طلبہ کے تجربات سے استفادہ کرنے کی ترغیب دی۔
شعبہ بزنس ایڈمنسٹریشن کی چیئرپرسن اور آرگنائزنگ سکریٹری پروفیسر سلمیٰ احمد نے طلبہ کو تجسس، مسلسل سیکھنے اور جدت طرازی کے راستے پر چلنے کی ترغیب دی۔ سینئر فیکلٹی ممبر پروفیسر ولید اے انصاری نے کہا کہ انٹریپرینیورشپ ایک طرزِ فکر ہے، جسے طلبہ کو اپنے تعلیمی سفر کے دوران پروان چڑھانا چاہیے۔
شریک کنوینر پروفیسر اسد رحمان اور شریک آرگنائزنگ سکریٹری و ریسورس پرسن پروفیسر آصف علی سید نے بھی مسلسل سیکھنے، اعلیٰ تعلیمی معیار اور جدت طرازی کے ذریعے نئے مواقع پیدا کرنے پر زور دیا۔
افتتاحی تقریب کی نظامت ریسرچ اسکالر ثانیہ خان نے کی، جبکہ رشدہ کلیم نے اظہارِ تشکر پیش کیا۔ ورکشاپ سوال و جواب کے سیشن کے ساتھ اختتام پذیر ہوئی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ