
علی گڑھ، 02 ستمبر (ہ س)۔ ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈٹکنالوجی، علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے 6 طلبہ کو عالمی شہرت یافتہ ٹیکنالوجی و انّوویشن کمپنی کوالکوم نے ملازمت کے لئے منتخب کیا ہے۔ حال ہی میں ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس میں منعقدہ کیمپس پلیسمنٹ مہم کے ذریعہ یہ انتخاب عمل میں آیا۔
کوالکم کی ٹیم علی گڑھ مسلم یونیورسٹی میں کیمپس پلیسمنٹ کے لیے پہلی مرتبہ آئی تھی۔ انتخابی عمل میں اسسمنٹ اور انٹرویو کے متعدد مراحل شامل تھے، جن کے دوران طلبہ نے اپنی تکنیکی معلومات، مسائل حل کرنے کی صلاحیت اور مجموعی استعداد کا مظاہرہ کیا۔ منتخب ہونے والے طلبہ میں بی ٹیک کمپیوٹر ، 2027 بیچ کے بھومک وارشنے، کنجل وارشنے، محمد انس، الامین، ایم عارف راعینی اور ایم شیزان خان شامل ہیں۔
ذاکر حسین کالج آف انجینئرنگ اینڈ ٹکنالوجی کے پرنسپل پروفیسر محمد مزمل نے منتخب طلبہ کو مبارکباد پیش کی اور پلیسمنٹ مہم کے انعقاد میں ٹریننگ اینڈ پلیسمنٹ آفس کی کوششوں کو سراہا۔ کالج کی ٹریننگ و پلیسمنٹ انچارج پروفیسر معینہ اطہر نے کالج کے طلبہ کو ایک ممتاز ٹکنالوجی کمپنی کے ساتھ اپنے پیشہ ورانہ سفر کا آغاز کرنے کا موقع فراہم کرنے پر کوالکم کی ٹیم کا شکریہ ادا کیا۔ انہوں نے کہا کہ یونیورسٹی کوالکوم کے ساتھ اپنے روابط کو مزید مستحکم کرنے کی خواہاں ہے اور امید کرتی ہے کہ یہ تعاون آنے والے برسوں میں علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے طلبہ کے لیے مزید مواقع فراہم کرے گا۔ انہوں نے طلبہ کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کا انتخاب دیگر طلبہ کو تعلیم،ٹکنالوجی اور پیشہ ورانہ شعبوں میں بہترین کارکردگی کے حصول کے لیے مزید محنت کرنے کی ترغیب دے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ