آئی آئی ٹی روڑکی کے جلسہ تقسیم اسناد میں ڈوول نے تکنیکی مہارت کو قوم کی تعمیر سے جوڑنے کی اپیل کی
۔ ملک سب سے پہلے‘ کے جذبے کے ساتھ زندگی میں آگے بڑھیں: ڈوول
۔ ملک سب سے پہلے‘ کے جذبے کے ساتھ زندگی میں آگے بڑھیں: ڈوول


روڑکی، 19 ستمبر (ہ س)۔ آئی آئی ٹی روڑکی کی دو روزہ سالانہ جلسہ تقسیم اسناد کی تقریب 2026 کا ہفتے کو آغاز ہوا۔ تقریب کے پہلے دن مہمانِ خصوصی قومی سلامتی کے مشیر اجیت کمار ڈوول نے طلبہ سے اپنی تکنیکی مہارت کا استعمال ملک کی ترقی، قومی سلامتی اور سماجی بہبود کے لیے کرنے کی اپیل کی۔ ادارے کے مطابق اس سال مجموعی طور پر 2,701 طلبہ کو ڈگریاں دی جا رہی ہیں۔

مہمانِ خصوصی کی حیثیت سے طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے این ایس اے اجیت ڈوول نےآئی آئی ٹی روڑکی کی شاندار تاریخ اور عالمی سطح پر اس کی خدمات کو سراہا۔ انہوں نے کہا کہ آئی آئی ٹی روڑکی کے فارغ التحصیل طلبہ نے نہ صرف بھارت بلکہ عالمی سطح پر بھی اپنی بہترین صلاحیتوں اور خدمات کا لوہا منوایا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس ادارے کے سابق طلبہ نے عالمی سطح پر ملک کا نام روشن کیا ہے۔ آج بھی آئی آئی ٹی روڑکی کی ساکھ پوری دنیا میں قائم ہے۔

ڈوول نے تعلیم مکمل کرنے والے نوجوانوں سے اپیل کی کہ وہ اپنی تکنیکی مہارت کو صرف ذاتی کیریئر تک محدود نہ رکھیں بلکہ اسے ملک کی ترقی، قومی سلامتی اور سماجی بہبود کے لیے استعمال کریں۔ انہوں نے طلبہ کو ’ملک سب سے پہلے‘ کے جذبے کے ساتھ آگے بڑھنے کی ترغیب دی۔

تقریب میں وائس چیف آف آرمی اسٹاف جنرل این ایس راجا سبرامنیم نے بھی طلبہ سے خطاب کرتے ہوئے قوم کی تعمیر میں ان کے کردار پر روشنی ڈالی اور مستقبل کے چیلنجز کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔

آئی آئی ٹی روڑکی کے ڈائریکٹر پروفیسر کے کے پنت نے ادارے کی حالیہ کامیابیوں، تحقیقی کاموں اور بین الاقوامی تعاون کی تفصیلات پیش کیں۔ انہوں نے کہا کہ ادارہ مسلسل اختراع اور تحقیق کے میدان میں نئے ریکارڈ قائم کر رہا ہے۔ انہوں نے ڈگری حاصل کرنے والے تمام 2,701 طلبہ کے روشن مستقبل کے لیے نیک خواہشات کا اظہار کیا۔ پہلے دن انڈر گریجویٹ کورسز کے طلبہ کو ڈگریاں دی گئیں۔ ڈگری ملتے ہی طلبہ کے چہرے خوشی سے کھل اٹھے۔

دو روزہ تقریب کے دوسرے دن پوسٹ گریجویٹ اور پی ایچ ڈی ریسرچ اسکالرز کو ڈگریاں دی جائیں گی، جس میں ہیرو موٹو کارپ کے سی ای او ہرش وردھن چتلے مہمانِ خصوصی ہوں گے۔ اس موقع پر کابینی وزیر پردیپ بترا، جوائنٹ مجسٹریٹ دیپک رام چندر شیٹ، آئی آئی ٹی انتظامیہ، پروفیسرز، طلبہ اور والدین موجود رہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande