
علی گڑھ، 19 ستمبر (ہ س)۔ علی گڑھ مسلم یونیورسٹی کے نان ریزیڈنٹ اسٹوڈنٹس سنٹر (این آر ایس سی) نے ‘حرف’ کے عنوان سے دو روزہ خطاطی ورکشاپ منعقد کی، جس میں عملی تربیتی نشستوں کے ذریعہ طلبہ کو خطاطی کی مختلف اصناف سے روشناس کرایا گیا۔
ورکشاپ کا افتتاح این آر ایس سی کے پرووسٹ پروفیسر سریندر کمار مشرا نے کلب کے صدر ڈاکٹر ایم اے بلال حسین اور کلب کے سکریٹری احمد صدیقی کی موجودگی میں کیا۔
پہلے روز مولانا آزاد لائبریری کے ڈاکٹر عادل کریم نے خطاطی کے مبادیات، کے اے نظامی سنٹر کے ڈاکٹر محمد ایوب اکرم نے خطِ ثلث اور ہابیز کلب کے سکریٹری ڈاکٹر عبداللہ فیض الحسن نے گوتھک خطاطی کے حوالے سے تربیتی نشستیں منعقد کیں۔ دوسرے روز ڈاکٹر عادل کریم نے خطاطی میں ترکیب اور تزئینی ڈیزائن، جبکہ ڈاکٹر عبداللہ فیض الحسن نے کینوس پر خطاطی کی تربیت فراہم کی۔ شرکاء کو برش پین، خطاطی کے قلم، مشقی کاغذات، کینوس، برش اور رنگ فراہم کیے گئے اور انہیں اپنی تیار کردہ کینوس اپنے پاس رکھنے کی اجازت بھی دی گئی۔
ڈاکٹر عبداللہ فیض الحسن کی کنوینرشپ میں منعقدہ اختتامی تقریب میں پروفیسر سریندر کمار مشرا نے شرکاء کا خیرمقدم کیا اور تمام 70 شرکاء میں اسناد تقسیم کیں۔ مہمان ذی وقار ڈاکٹر معین الدین نے خطاطی سے متعلق اپنے ذاتی تجربات بیان کئے، جبکہ پروفیسر آسیہ سلطانہ نے ورکشاپ میں طالبات کی بھرپور شرکت کو سراہا۔
پروگرام کے انعقاد میں ہال میگزین کے مدیر محمد جنید، این آر ایس سی کے کلچرل سکریٹری ایمن حفیظ خان اور این آر ایس سی کلب کے لٹریری سکریٹری ضیاء الدین احمد نے تعاون کیا۔ این آر ایس سی کے پرووسٹ دفتر سے عنبر زیدی اور انکور سریواستو نے پروگرام میں معاونت کی۔ عثمان ندیم قاضی نے رابطہ عامہ ٹیم کے رکن کی حیثیت سے خدمات انجام دیں، جبکہ بلال فیض الحسن، ماہ فیصل اور عارض نے بطور رضاکار تعاون کیا۔ ڈاکٹر ایم اے بلال حسین نے کلماتِ تشکر ادا کیے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ