
کاٹھمنڈو، 18 ستمبر (ہ س)۔
نیپال میں بھوٹے کوسی ندی میں آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد اپر تریشولی-1 پن بجلی منصوبے کی سرنگ سے چھ لاشیں برآمد کی گئی ہیں۔ منصوبے سے وابستہ 492 افراد اب بھی لاپتہ ہیں، جبکہ 936 افراد سے رابطہ قائم ہو چکا ہے۔
نیپالی فوج کے مطابق، 26 اگست کو بھوٹے کوسی ندی میں آنے والے سیلاب کے بعد منصوبے سے لاپتہ افراد کی تلاش کے دوران یہ لاشیں برآمد ہوئیں۔ مشترکہ امدادی ٹیم نے آڈٹ-3 سرنگ میں تلاشی مہم چلائی۔ اس دوران سرنگ میں کنکریٹ کی ڈھلائی کے لیے تیار کی گئی لوہے کی سلاخوں کی جالی کے اندر پھنسی ہوئی حالت میں چھ لاشیں ملیں۔
فوج کے مطابق گرائنڈر، گیس کٹر اور روٹری ریسکیو آلات کی مدد سے لاشوں کو باہر نکالا گیا۔ سرنگ کے اندر کیچڑ سے ڈھکی ہوئی کچھ دیگر شکلیں بھی لاشوں جیسی دکھائی دی ہیں، جس کے بعد اس علاقے میں تلاشی مہم جاری ہے۔
سیلاب کے بعد اپر تریشولی-1 پن بجلی منصوبے سے سب سے زیادہ افراد لاپتہ ہوئے ہیں۔ جمعہ تک کے اعداد و شمار کے مطابق منصوبے سے وابستہ 492 افراد اب بھی لاپتہ ہیں، جبکہ 936 افراد سے رابطہ قائم ہو چکا ہے۔ سیلاب کے وقت اس منصوبے میں مجموعی طور پر 1,433 ملازمین اور مزدور کام کر رہے تھے۔یہ پن بجلی منصوبہ جنوبی کوریا کی سرمایہ کاری سے زیرِ تعمیر ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ