
نئی دہلی، 18 ستمبر (ہ س)۔ دہلی کے آر کے پورم علاقے میں افریقہ ایونیو روڈ پر جمعرات کی رات ایک تیز رفتار کار نے سڑک کنارے کھڑی موٹر سائیکل پر بیٹھے نوجوان کو ٹکر مار دی، جس کے نتیجے میں وہ زخمی ہوگیا۔ پولیس نے کار کو ضبط کرکے ڈرائیور کو موقع پر ہی پکڑ لیا۔
پولیس کے مطابق حادثہ رات تقریباً 10 بجے افریقہ ایونیو روڈ پر بھیکاجی کاما پلیس سے آر کے پورم میٹرو اسٹیشن کی جانب جانے والی سڑک پر پیش آیا۔ منیرکا گاؤں کے رہنے والے 21 سالہ تنیش ٹوکَس سڑک کنارے اپنی موٹر سائیکل پر بیٹھے ہوئے تھے کہ تیز رفتار کار نے انہیں ٹکر مار دی۔ٹکر اتنی شدید تھی کہ نوجوان موٹر سائیکل سے نیچے گر گیا، جبکہ اس کی موٹر سائیکل کار کے ساتھ کچھ دور تک گھسٹتی چلی گئی۔ تاہم نوجوان کو کوئی سنگین چوٹ نہیں آئی۔ پولیس نے کار قبضے میں لے کر ڈرائیور کو گرفتار کرلیا۔ کار ڈرائیور کی شناخت وسنت کنج کے رہنے والے 73 سالہ وینوگوپال کے طور پر ہوئی ہے۔
پولیس کے مطابق تنیش کو طبی معائنے کے لیے اسپتال بھیجا گیا، جہاں اس کی حالت معمول کے مطابق پائی گئی اور کسی سنگین چوٹ کی تصدیق نہیں ہوئی۔ دوسری جانب کار ڈرائیور وینوگوپال کا بھی طبی معائنہ کرایا گیا، جس میں شراب نوشی کی تصدیق نہیں ہوئی۔
اس سلسلے میں آر کے پورم تھانے میں ایف آئی آر درج کرلی گئی ہے۔ پولیس نے بھارتیہ نیائے سنہتا (بی این ایس) کی متعلقہ دفعات کے تحت مقدمہ درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہیں۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan