
حیدرآباد ،18 ستمبر(ہ س)۔
شادی کی تیاریوں میں مصروف باپ اوربیٹی سڑک حادثہ میں ہلاک ہوگئے ۔ یہ دلخراش اور دل دہلادینے والا حادثہ پرانے شہرکے علاقہ آرام گھرمیں پیش آیا۔اس حادثہ کے سبب افراد خاندان پرسکتہ طاری ہوگیااورشادی کاگھرماتم کدہ میں تبدیل ہوگیا۔بتایاجاتا ہے کہ سلیمان نگر علاقہ کے ساکنان 45 سالہ محمد اسماعیل خاں اوران کی دختر24 سالہ بشریٰ بیگم موٹرسیکل پرآرام گھرعلاقہ سے گزررہے تھے کہ ایک تیزرفتاربے قابو ٹپرنے انہیں ٹکردے دی اوروہ دونوں ہلاک ہوگئے ۔ عینی شاہدین اورمقامی عوام نے انہیں فوری ہاسپٹل منتقل کیا۔ذرائع کے مطابق اسماعیل خاں برسرموقع ہلاک ہوگئے جبکہ شدیدزخمی بشریٰ بیگم ہاسپٹل منتقل کرنے کے دوران زخموں سے جانبرنہ ہوسکیں۔ باپ اپنی بیٹی کی شادی کی خریداری میں مصروف تھا۔یہ بھی اطلاع ہے کہ وہ رقعے تقسیم کرکے واپس ہورہےتھے۔ ذرائع کے مطابق بشریٰ بیگم کی شادی طئے ہوچکی تھی اور2 اکٹوبرکونکاح مقررتھا۔اس حادثہ میں ہونے والی دلہن اوران کے والد کی ہلاکت نے افراد خاندان کوغم میں ڈبودیا ۔اس حادثہ پرشہریوں میں بھی شدید غم و غصہ پایا جاتاہے۔ سڑک حادثہ کے مقام پردلخراش مناظرکودیکھ کرعوام نے شدید برہمی کا اظہارکیا۔ مائیلاردیوپلی پولیس نے اس سلسلہ میں مقدمہ درج کرلیا ہے اورمصروف تحقیقات ہے۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمدعبدالخالق