
اپڈیٹ۔۔۔۔۔ ادھمپور تصادم میں دو دہشت گرد ہلاک، ایک مشتبہ او جی ڈبلیو گرفتار
جموں، 17 ستمبر (ہ س)۔ جموں و کشمیر کے ادھم پور ضلع کے مجالتہ علاقے میں سیکورٹی فورسز نے ایک مشترکہ کارروائی کے دوران جیش محمد سے وابستہ دو دہشت گردوں کو ہلاک کر دیا، جبکہ ایک مقامی نوجوان کو مبینہ اوور گراؤنڈ ورکر (او جی ڈبلیو) ہونے کے شبہ میں حراست میں لے کر پوچھ گچھ شروع کر دی گئی ہے۔ حکام کے مطابق فوج، پولیس اور سی آر پی ایف نے برٹل سوہن اور کھوبن کے گھنے جنگلات میں 16 اور 17 ستمبر کی درمیانی شب خفیہ اطلاع کی بنیاد پر مشترکہ آپریشن شروع کیا۔ شدید بارش، دشوار گزار پہاڑی علاقے اور کم حدِ نگاہ کے باوجود سیکورٹی فورسز نے کارروائی جاری رکھی۔
جموں میں قائم وائٹ نائٹ کور نے بتایا کہ آپریشن کے دوران دو دہشت گرد مارے گئے، جبکہ علاقے میں تلاشی اور نگرانی کا عمل تاحال جاری ہے۔ سیکورٹی فورسز کسی بھی ممکنہ خطرے کا سراغ لگانے کے لیے علاقے میں تعینات ہیں۔ حکام کے مطابق بدھ کی رات تقریباً 9 بجے علاقے کو گھیرے میں لیا گیا، جس کے بعد فائرنگ اور دھماکوں کی آوازیں سنائی دیں۔
جمعرات کی صبح دہشت گردوں نے محاصرہ توڑنے کی کوشش میں سیکورٹی فورسز پر شدید فائرنگ کی، جس کے بعد مزید نفری علاقے میں روانہ کی گئی۔ مقابلے کے مقام سے امریکی ساختہ ایم 4 کاربائن، ایک اے کے رائفل اور بڑی مقدار میں گولہ بارود برآمد کیا گیا ہے۔ حکام کے مطابق ہلاک ہونے والے دونوں دہشت گرد کے پاکستانی شہری ہونے کا شبہ ہے۔
ادھم پور میں رواں سال یہ دوسرا بڑا مسلح تصادم ہے۔ فروری میں رام نگر کے جنگلات میں دو پاکستانی دہشت گرد مارے گئے تھے، جن میں جیش محمد کا خود ساختہ کمانڈر روبانی عرف ابو ماویہ بھی شامل تھا۔حکام کے مطابق کٹھوعہ، ادھم پور اور ڈوڈہ کے پہاڑی علاقوں میں گزشتہ کئی برسوں سے دہشت گردوں کی نقل و حرکت اور ٹھکانوں کے خلاف سیکورٹی فورسز کی کارروائیاں جاری ہیں۔ دور دراز جنگلات میں خفیہ اطلاعات کی بنیاد پر تلاشی اور نگرانی کا سلسلہ بھی برقرار ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر