
نئی دہلی، 17 ستمبر (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو اور نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے جمعرات کو وزیر اعظم نریندر مودی کو ان کی سالگرہ پر دلی مبارکباد پیش کی اور ان کی صحت مند، خوشحال اور طویل عمر کی تمنا کی۔ دونوں نے وزیر اعظم کی قیادت میں ملک کے ترقیاتی سفر اور ’وکست بھارت‘ کے ہدف کی سمت میں ہونے والی پیش رفت کا ذکر کیا۔
صدر مرمو نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر جاری اپنے پیغام میں وزیر اعظم کو مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی 25 سالہ عوامی خدمت میں گجرات کے وزیر اعلیٰ سے لے کر ملک کے وزیر اعظم کے طور پر ان کی خدمات شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ وزیر اعظم نے بہتر حکمرانی کے نئے معیار قائم کیے ہیں اور جامع ترقی کو نئی رفتار اور سمت دی ہے۔ صدرجمہوریہ نے وزیر اعظم کی قیادت میں ملک کے ثقافتی ورثے اور جدید ترقی کے درمیان ہم آہنگی کا بھی ذکر کیا۔
وہیں، نائب صدر سی پی رادھا کرشنن نے اپنے پیغام میں وزیر اعظم کو سالگرہ کی دلی مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ ان کی مضبوط اور دوراندیش قیادت میں ہندوستان دنیا میں ایک روشن مرکز کے طور پر ابھر رہا ہے اور بڑی معیشتوں میں سب سے تیزی سے ترقی کرنے والے ممالک میں شامل ہے۔
نائب صدر نے کہا کہ 25 کروڑ سے زیادہ ہندوستانی انتہائی غربت سے باہر آئے ہیں۔ ڈیجیٹل انقلاب نے لاکھوں لوگوں کو بااختیار بنایا ہے، جبکہ خلائی تحقیق، ٹیکنالوجی، صحت خدمات، بنیادی ڈھانچے اور مینوفیکچرنگ سمیت مختلف شعبوں میں نمایاں پیش رفت ہوئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پسماندہ اضلاع کو ’امنگوں والے اضلاع‘، سرحدی گاؤں کو ’تابندہ اور ابتدائی گاؤں‘ اور شمال مشرقی خطے کو ’اشٹ لکشمی‘ کے طور پر پیش کرنا وزیر اعظم کے دوراندیش نقطۂ نظر کی عکاسی کرتا ہے۔ اس سے جغرافیائی طور پر حاشیے پر رہے علاقوں کو بااختیار بنانے اور ملک کے ترقیاتی سفر میں مختلف خطوں کے لوگوں کی فعال شرکت کو فروغ ملا ہے۔
رادھا کرشنن نے کہا کہ گزشتہ ایک سال کے دوران ریاستوں اور مرکز کے زیر انتظام علاقوں کے اپنے دوروں میں انہوں نے ان تبدیلیوں کو ملک کے دور دراز علاقوں تک پہنچتے ہوئے براہ راست دیکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں ترقی، امنگ اور نئے جوش و جذبے کا احساس اجتماعی ترقی کے سفر میں عوام کے اعتماد کی عکاسی کرتا ہے۔
نائب صدر نے وزیر اعظم کی اچھی صحت، خوشی اور مسلسل طاقت کی تمنا کرتے ہوئے کہا کہ وہ 2047 تک ’وکست بھارت‘ کے ہدف کے حصول کے لیے مادر وطن کی قیادت کرتے رہیں۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد