
نئی دہلی، 17 ستمبر (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی کے قومی صدر نتن نوین نے وزیر اعظم نریندر مودی کو سالگرہ کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے ان کی بہترین صحت، طویل عمر اور مسلسل ملک کی خدمت کرنے کی طاقت کی تمنا کی۔ انہوں نے وزیر اعظم کو 140 کروڑ اہل وطن کے رہنما اور قومی خدمت کی علامت قرار دیا۔
جمعرات کو اپنے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر ویڈیو شیئر کرتے ہوئے نتن نوین نے کہا کہ ’راشٹر پرتھم‘ کے عزم کے ساتھ وزیر اعظم نریندر مودی کے عوامی زندگی کے سفر کی کہانی خدمت، بہتر حکمرانی اور عوامی فلاح و بہبود سے تحریک لینے والی رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ سفر صرف ایک شخص کا نہیں بلکہ ملک کے عوام کے اجتماعی خوابوں کو سمت دینے کا سفر بھی ہے۔
بی جے پی صدر نے کہا کہ وزیر اعظم کی رہنمائی میں ہندوستان ترقی اور خود کفالت کے نئے باب رقم کر رہا ہے اور عالمی سطح پر اپنی شناخت اور صلاحیت کو مسلسل مضبوط بنا رہا ہے۔ انہوں نے ایشور سے وزیر اعظم مودی کو بہترین صحت، طویل عمر اور مسلسل ملک کی خدمت کرنے کی طاقت عطا کرنے کی دعا کی۔
اس سے قبل وزیر اعظم کی عوامی زندگی کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر نتن نوین نے ملک کے عوام سے 17 ستمبر کی شام 6 بجے سے 7 بجے کے درمیان اپنے گھروں میں ’آشیرواد کا دیا‘ جلانے کی اپیل کی ہے۔ اس مہم کے تحت وزیر اعظم کے تئیں نیک خواہشات اور آشیرواد کا اظہار کرنے کی اپیل کی گئی ہے۔
نتن نوین اس موقع پر اجین کے رام گھاٹ پر ’آشیرواد کا دیا‘ جلا کر پروگراموں کا آغاز کریں گے۔ نتن نوین صبح بی جے پی ہیڈکوارٹر میں منعقد خون عطیہ کیمپ کا افتتاح بھی کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد