سری رام پور میں ممتا بنرجی کی ریلی کو ہائی کورٹ کی مشروط اجازت
کولکاتا، 17 ستمبر (ہ س)۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے ترنمول کانگریس کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو ہگلی ضلع کے سری رام پور کورٹ میدان میں جلسہ عام کرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے ترنمول کانگریس کو 26 ستمبر کو یہ پروگرام منعقد کرنے کی اجا
Mamata-Banerjee-shrirampur-cou


کولکاتا، 17 ستمبر (ہ س)۔ کلکتہ ہائی کورٹ نے ترنمول کانگریس کی سربراہ اور سابق وزیر اعلیٰ ممتا بنرجی کو ہگلی ضلع کے سری رام پور کورٹ میدان میں جلسہ عام کرنے کی مشروط اجازت دے دی ہے۔ عدالت نے ترنمول کانگریس کو 26 ستمبر کو یہ پروگرام منعقد کرنے کی اجازت دی ہے۔

جسٹس سوگت بھٹاچاریہ کی سنگل بنچ نے جمعرات کو ہدایت دی کہ یہ پروگرام 26 ستمبر کو شام 4 بجے سے 6 بجے کے درمیان ہی منعقد کیا جا سکے گا اور اس میں زیادہ سے زیادہ ایک ہزار افراد ہی شرکت کر سکیں گے۔ عدالت نے واضح کیا کہ جی ٹی روڈ پر کسی بھی طرح کی ریلی یا جلوس نہیں نکالا جائے گا۔ اس کے علاوہ منتظمین اور انتظامیہ کو یہ یقینی بنانا ہوگا کہ جی ٹی روڈ پر معمول کی ٹریفک میں کسی قسم کی رکاوٹ نہ آئے۔

ترنمول کانگریس نے اس جلسے کے لیے دو ہزار افراد کے جمع ہونے کی اجازت مانگی تھی، لیکن ریاستی حکومت نے اس پر اعتراض کیا تھا۔ مغربی بنگال حکومت کی دلیل تھی کہ کورٹ میدان کافی چھوٹا ہے اور ممتا بنرجی کو زیڈ پلس سکیورٹی حاصل ہونے کی وجہ سے حفاظتی حصار کے لیے کافی جگہ چھوڑنی پڑتی ہے۔

حکومت کا کہنا تھا کہ ایسی صورت میں اگر وہاں دو ہزار افراد جمع ہوئے تو بھگدڑ کا خدشہ پیدا ہو سکتا ہے۔ اس کے جواب میں ترنمول کے وکیل کلیان بنرجی نے کہا تھا کہ اسی میدان میں پہلے شریا گھوشال کے پروگرام میں 50 ہزار افراد جمع ہو چکے ہیں، اس لیے سکیورٹی کا یہ جواز درست نہیں ہے۔ دونوں فریقوں کے دلائل سننے کے بعد عدالت نے افراد کی تعداد ایک ہزار تک محدود کر دی۔

اس سے قبل یہ پروگرام 11 ستمبر کو سری رام پور کے مہیش علاقے میں واقع اسنان پِنڑی میدان میں ہونا تھا۔ اس وقت سنگل بنچ نے وہاں جلسے کی اجازت دے دی تھی، لیکن قریب واقع جگن ناتھ مندر کے ٹرسٹی بورڈ نے اس فیصلے کو ڈویژن بنچ میں چیلنج کیا تھا۔

ٹرسٹ کا کہنا تھا کہ یہ اس کی نجی زمین ہے اور وہ وہاں سیاسی پروگرام کی اجازت نہیں دے سکتا۔ اس کے بعد چیف جسٹس کی سربراہی والی ڈویژن بنچ نے پروگرام کی تاریخ آگے بڑھاتے ہوئے معاملہ دوبارہ سنگل بنچ کو بھیج دیا تھا۔ اسی نظرثانی کے بعد اب عدالت نے مقام تبدیل کرتے ہوئے سری رام پور کورٹ میدان میں جلسے کی منظوری دی ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / محمد شہزاد


 rajesh pande