
نئی دہلی، 17 ستمبر (ہ س)۔ بھارتیہ جنتا پارٹی (بی جے پی) کے دہلی ریاست کے صدر ہرش ملہوترا نے عام آدمی پارٹی (آپ) کے تریلوک پوری سے میونسپل کونسلر وجے کمار پر دہلی میونسپل کارپوریشن (ایم سی ڈی) کے صفائی کارکن دیپک کے ساتھ مالی دھوکہ دہی کرنے اور اسے خودکشی کے لیے مجبور کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔
دہلی بی جے پی صدر ہرش ملہوترا نے جمعرات کو ریاستی دفتر میں منعقدہ پریس کانفرنس میں اس معاملے میں درج پولیس ایف آئی آر کو عام کرتے ہوئے کہا کہ اس واقعے نے عام آدمی پارٹی کا دوہرا چہرہ بے نقاب کر دیا ہے۔
ہرش ملہوترا نے الزام لگایا کہ صفائی کارکن دیپک تریلوک پوری وارڈ میں کئی برس سے کام کر رہے تھے اور اپنے خاندان کے لیے مکان بنانا چاہتے تھے۔ اس سلسلے میں انہوں نے کونسلر وجے کمار سے مدد مانگی تھی۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً ایک سال قبل کونسلر نے دیپک کو مکان دلانے کا یقین دلاتے ہوئے 15 لاکھ روپے کا قرض دلوایا اور مبینہ طور پر یہ رقم اپنے اکاؤنٹ میں منتقل کروا لی۔ ملہوترا نے الزام لگایا کہ کونسلر نے دیپک کی دستخط شدہ چیک بک بھی اپنے پاس رکھ لی تھی اور گزشتہ نو دس ماہ سے ان کی تنخواہ کی رقم بھی چیک کے ذریعے نکلواتے تھے۔
انہوں نے الزام لگایا کہ دیپک مسلسل مکان دلانے یا رقم واپس کرنے کا مطالبہ کر رہے تھے، لیکن مبینہ طور پر انہیں دھمکی دی گئی اور 25 فیصد کمیشن کا مطالبہ کیا گیا۔ ملہوترا نے کہا کہ مالی پریشانی کے باعث دیپک ذہنی طور پر پریشان رہنے لگے تھے اور اپنے اہل خانہ اور دوستوں سے کہتے تھے کہ اگر انہیں کچھ ہو گیا تو اس کے لیے کونسلر وجے کمار ذمہ دار ہوں گے۔
بی جے پی کے ریاستی صدر نے کہا کہ دیپک نے یکم ستمبر کو خودکشی کر لی۔ انہوں نے الزام لگایا کہ اس کے بعد بھی کونسلر کی جانب سے اہل خانہ کو ڈرانے دھمکانے کی کوشش کی گئی۔ تقریباً 8-7 ستمبر کو بی جے پی رہنماو¿ں کو اس معاملے کی اطلاع ملی، جس کے بعد رکن اسمبلی روی کانت، رکن اسمبلی رویندر نیگی، کونسلر پرینکا گوتم اور سابق ڈپٹی میئر راج کمار ڈھلون نے اہل خانہ سے رابطہ کیا اور پولیس میں شکایت درج کرانے میں مدد کی۔
ملہوترا نے بتایا کہ 14 ستمبر کو دہلی پولیس نے معاملے میں ایف آئی آر درج کرکے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ تحقیقات کی بنیاد پر مزید کارروائی کی جائے گی۔ انہوں نے بی جے پی کی چار رکنی ٹیم کی تعریف کرتے ہوئے کہا کہ ٹیم نے متوفی صفائی کارکن دیپک کو انصاف دلانے کے لیے اہل خانہ کا ساتھ دیا۔
دہلی بی جے پی صدر نے عام آدمی پارٹی کے رہنماو¿ں اروند کیجریوال، سوربھ بھاردواج اور کلدیپ کمار سے کونسلر وجے کمار کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا۔ ملہوترا نے تریلوک پوری کے رکن اسمبلی کلدیپ کمار سے سوال کرتے ہوئے کہا کہ وہ دیپک کی خودکشی کے معاملے میں ملزم بنائے جا رہے کونسلر کے خلاف خاموش کیوں ہیں۔
پریس کانفرنس میں بی جے پی میڈیا سربراہ پروین شنکر کپور، رکن اسمبلی رویندر نیگی، رکن اسمبلی روی کانت، کونسلر پرینکا گوتم، بی جے پی رہنما راج کمار ڈھلون اور میڈیا ریلیشن سربراہ شبھیندو شیکھر اوستھی موجود تھے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد