ایشیا ۔ بحرالکاہل خطے میں ہلچل بڑھی، جاپان کی فوجی تعیناتی پر چین کا احتجاج
بیجنگ، 15 ستمبر (ہ س)۔ چین نے جاپان، امریکہ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری مشترکہ فوجی مشقوں اور جاپان کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے اسٹریٹجک حملہ آور ہتھیاروں کی تعیناتی کی سخت مخالفت کی ہے۔ چین نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے خطے م
ایشیا ۔ بحرالکاہل خطے میں ہلچل بڑھی، جاپان کی فوجی تعیناتی پر چین کا احتجاج


بیجنگ، 15 ستمبر (ہ س)۔ چین نے جاپان، امریکہ اور آسٹریلیا کے درمیان جاری مشترکہ فوجی مشقوں اور جاپان کی جانب سے طویل فاصلے تک مار کرنے والے اسٹریٹجک حملہ آور ہتھیاروں کی تعیناتی کی سخت مخالفت کی ہے۔ چین نے خبردار کیا ہے کہ اس طرح کے اقدامات سے خطے میں ہتھیاروں کی دوڑ اور فوجی تصادم کا خطرہ بڑھ سکتا ہے۔

ترکیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی انادولو اور چین کے روزنامہ انگریزی اخبار ’چائنا ڈیلی‘ کے مطابق، چینی وزارت دفاع کے ترجمان جیانگ بن نے پیر کو کہا کہ جاپان کی گراؤنڈ سیلف ڈیفنس فورس امریکہ اور آسٹریلیا کی افواج کے ساتھ مل کر ’اورینٹ شیلڈ 26‘ فوجی مشق کر رہی ہے۔ یہ مشق 8 سے 24 ستمبر تک جاپان کے ہوکائیڈو اور کاگوشیما علاقوں میں منعقد کی جا رہی ہے۔

رپورٹس کے مطابق، اس مشق میں پہلی بار امریکہ کا ٹائفون درمیانی فاصلے تک مار کرنے والا میزائل نظام بھی شامل کیا جا رہا ہے۔ چین کا کہنا ہے کہ اس طرح کی تعیناتی سے خطے کے ممالک کی سلامتی سے متعلق تشویش میں اضافہ ہو رہا ہے۔

جیانگ بن نے الزام عائد کیا کہ ’سکیورٹی شیلڈ‘ کے نام پر اس مشق کا استعمال طویل فاصلے تک مار کرنے والے حملہ آور ہتھیاروں کی تعیناتی کو آگے بڑھانے کے لیے کیا جا رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس سے دیگر ممالک کے جائز سکیورٹی مفادات متاثر ہوتے ہیں اور علاقائی امن و استحکام کو سنگین خطرہ لاحق ہوتا ہے۔ انہوں نے کہا، ’’ہم اس کی سخت مخالفت کرتے ہیں۔‘‘

اس فوجی مشق پر روس نے بھی اعتراض کیا ہے۔ 31 اگست کو روس نے جاپان میں ہونے والی اس مشق کے حوالے سے روس میں واقع جاپانی سفارتخانے کے سامنے احتجاج درج کرایا تھا۔

روسی وزارت خارجہ کی ترجمان ماریا زاخارووا نے یکم ستمبر کو کہا تھا کہ جاپانی سرزمین پر ایسے ہتھیاروں کی تعیناتی، خواہ وہ فوجی مشق کے نام پر ہی کیوں نہ ہو، روس کی سلامتی کے لیے خطرہ پیدا کرے گی۔ انہوں نے اسے ماسکو کے لیے ’’بالکل ناقابل قبول‘‘ قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ روس اپنی قومی دفاع اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے جوابی اقدامات کرے گا۔

چین طویل عرصے سے ایشیائی ممالک میں امریکی درمیانی فاصلے تک مار کرنے والے میزائل نظام کی تعیناتی کی مخالفت کرتا رہا ہے۔ وہیں چینی وزارت خارجہ کے ترجمان گو جیا کون نے مئی میں کہا تھا کہ چین ٹائفون میزائل نظام کی تعیناتی کی سخت مخالفت کرتا ہے۔

گو نے ٹائفون کو ایک اسٹریٹجک حملہ آور ہتھیار قرار دیتے ہوئے کہا تھا کہ اس کی تعیناتی علاقائی اسٹریٹجک سلامتی کو نقصان پہنچا سکتی ہے اور فوجی تصادم اور ہتھیاروں کی دوڑ کے خطرے میں اضافہ کر سکتی ہے۔

جیانگ بن نے جاپان پر طویل فاصلے تک مار کرنے والے حملہ آور ہتھیار تیار کرنے اور بیرون ملک اپنی فوجی سرگرمیاں بڑھانے کا الزام عائد کیا۔ انہوں نے کہا کہ جاپان کی یہ سرگرمیاں اس کے پرامن آئین اور دفاع پر مرکوز سکیورٹی پالیسی کے اصولوں کے منافی ہیں۔

انہوں نے جاپان کی فوجی توسیع کو ’’ملٹری ازم کی ایک نئی شکل‘‘ کی جانب بڑھتا ہوا قدم قرار دیا اور خبردار کیا کہ اس سے علاقائی کشیدگی اور مختلف گروپوں کے درمیان تصادم میں اضافہ ہو سکتا ہے۔

جیانگ نے کہا، ’’جاپان کی فوجی خواہشات کو فروغ دینے والا کوئی بھی قدم خطے کو ایک خطرناک بھنور میں دھکیل سکتا ہے اور بالآخر خود جاپان کو ہی نقصان پہنچائے گا۔‘‘

چین نے جاپان، امریکہ اور آسٹریلیا سے دیگر ممالک کے سکیورٹی خدشات کا احترام کرنے، اپنی پالیسیوں میں اصلاح کرنے اور علاقائی امن و استحکام کے لیے ٹھوس اقدامات کرنے کی اپیل کی ہے۔

ہندوستھان سماچار

---------------

ہندوستان سماچار / عبدالواحد


 rajesh pande