
کوالالمپور/نئی دہلی، 14 ستمبر (ہ س)۔ ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے مسلم علما اورمسلم سماج سے مصنوعی ذہانت (اے آئی) اور ابھرتی ہوئی ٹیکنالوجیز کو سمجھنے اور ان کے ساتھ قدم ملا کر چلنے کی اپیل کی ہے۔ انہوں نے خبردار کیا کہ تکنیکی تبدیلیوں سے پیچھے رہنے کی صورت میں مسلم معاشرہ بیرونی اثرات سے محفوظ نہیں رہ پائے گا۔
ترکیہ کی سرکاری خبر رساں ایجنسی اناطولیہ اور دیگر میڈیا کے مطابق، کیرالہ کے کوژیکوڈ میں اتوار کو ایک ایوارڈ تقریب سے خطاب کرتے ہوئے انور ابراہیم نے کہا، ’’علم کے بغیر ہم ناکام ہوجائیں گے۔ مصنوعی ذہانت کو سمجھے بغیر ہم غلام بن جائیں گے۔‘‘
انہوں نے کرنتور واقع مرکز الثقافۃ السنیہ میں شیخ ابوبکر فاؤنڈیشن کی جانب سے دیے گئے پہلے ’ایکسیلنس ایوارڈ‘ کو قبول کرنے کے بعد یہ بات کہی۔
قابل ذکر ہے کہ انور ابراہیم نئی دہلی میں برکس رہنماؤں کی چوٹی کانفرنس میں شرکت کے بعد کیرالہ پہنچے تھے۔ کوژیکوڈ میں اپنے خطاب کے دوران انہوں نے اے آئی اور جدید ٹیکنالوجی کے دور میں مسلم معاشرے کے لیے تعلیم، مہارت اور اخلاقی اقدار کے درمیان توازن کو اہم قرار دیا۔
انور ابراہیم نے کہا کہ مذہبی علما کو موجودہ دور کی نئی حقیقتوں اور چیلنجز کو سمجھنا ہوگا۔ ان میں جدید ٹیکنالوجی، نئی سائنسی پیش رفت، ڈیجیٹل تبدیلیاں اور اے آئی نمایاں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ مسلم معاشرے کو تکنیکی علم اور مہارت حاصل کرنے کی ضرورت ہے، لیکن تکنیکی ترقی ایمان اور اخلاقی اقدار کی قیمت پر نہیں ہونی چاہیے۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم نے کہا کہ نئی ٹیکنالوجیز کے ساتھ ایسے نظریات اور اقدار بھی آسکتی ہیں، جو مذہبی عقیدے اور اخلاقیات کو کمزور کر سکتی ہیں۔ ایسے میں ضروری ہے کہ مسلم معاشرہ ٹیکنالوجی کو صرف اپنائے ہی نہیں، بلکہ اسے سمجھے اور اس کی ترقی میں اپنا کردار بھی ادا کرے۔
انورابراہیم نے کہا کہ دنیا بھر میں ٹیکنالوجی صنعت سے وابستہ اہم افراد اے آئی کے ممکنہ خطرات پر بات کر رہے ہیں، لیکن مسلم علما اور معاشروں کے درمیان اس معاملے پر خاطر خواہ توجہ نہیں دی جا رہی۔ انہوں نے مسلم معاشرے سے اے آئی کے ساتھ فعال طور پر جڑنے اور تکنیکی تبدیلیوں کو سمجھنے کی اپیل کی۔ ساتھ ہی انہوں نے زور دیا کہ تکنیکی ترقی علم، اخلاقیات اور مذہبی اقدار کے مطابق ہونی چاہیے۔
ملائیشیا کے وزیر اعظم کو بھارت کے معروف سنی عالم دین کانتھاپورم اے پی ابوبکر مصلیار نے ’ایکسیلنس ایوارڈ‘ سے نوازا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد