
کاٹھمنڈو، 13 ستمبر (ہ س)۔ نیپالی فوج کے سربراہ جنرل اشوک راج سگدل کا چین کا سرکاری دورہ آج سے شروع ہو رہا ہے۔ آرمی چیف بننے کے بعد یہ ان کا چین کا پہلا دورہ ہوگا۔ اس دوران دونوں ممالک کے درمیان فوجی تعلقات اور تعاون پر اہم بات چیت ہونے کا امکان ہے۔
نیپالی آرمی ہیڈ کوارٹر کے مطابق، جنرل سگدل13-19 ستمبر تک چین کے دورے پر ہوں گے۔ وہ اتوار کو ایئر چائنا کی پرواز سے چین کے چینگدو (چھیندو) کے لیے روانہ ہوں گے۔ بتایا گیا ہے کہ چین نے 100 سے زائد ممالک کے فوجی سربراہوں اور فوجی نمائندوں کو ایک بین الاقوامی فوجی تقریب میں شرکت کے لیے مدعو کیا ہے۔ سگدل اسی تقریب میں شرکت کے لیے چین کا دورہ کر رہے ہیں۔
نیپال اور چین کی فوجوں کے درمیان مشترکہ فوجی مشقوں، تربیت، آفات کے انتظام اور انسانی امداد جیسے شعبوں میں باہمی تعاون رہا ہے۔ ایسی صورتحال میں نیپالی آرمی چیف کا یہ دورہ دونوں ممالک کے فوجی تعلقات کے نقطہ نظر سے اہم سمجھا جارہا ہے۔ جنرل سگدل 19 ستمبر کو نیپال واپس آئیں گے۔ ان کا دورہ نیپال کے بدلتے ہوئے علاقائی سلامتی کے منظر نامے اور پڑوسی ممالک کے ساتھ فوجی تعلقات کو مستحکم کرنے کے تناظر میں بھی اہمیت کا حامل ہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالسلام صدیقی