
ڈھاکہ، 13 ستمبر (ہ س)۔ بنگلہ دیش کے چٹگاؤں کے کرنافلی میں ایک شادی کی تقریب سے گھر واپس جاتے وقت ایک وین اور منی بس کے درمیان آمنے سامنے کی ٹکر میں چار افراد ہلاک اور آٹھ دیگر زخمی ہوگئے۔ دو افراد کی موقع پر ہی موت ہوگئی، جبکہ دو نے اسپتال میں علاج کے دوران دم توڑ دیا۔
ڈھاکہ ٹریبیون کی رپورٹ کے مطابق یہ حادثہ اتوار کی علی الصبح تقریباً دو بجے چٹگاؤں-کاکس بازار ہائی وے پر کرنافلی کے کالج بازار علاقے میں پیش آیا۔ عینی شاہدین کے مطابق وین شاہ امانت پل عبور کرنے کے بعد تیز رفتاری سے یو ٹرن لے رہی تھی، اسی دوران مخالف سمت سے آنے والی منی بس سے اس کی ٹکر ہوگئی۔ پولیس اور عینی شاہدین نے بتایا کہ ہفتہ کی رات چٹگاؤں شہر کے اگرآباد میں واقع ایک کمیونٹی سینٹر میں مِمتاح کی بڑی بہن کی شادی ہوئی تھی۔ تقریب کے بعد خاندان کے کئی افراد اور رشتہ دار منی بس سے کاکس بازار کے عیدگاہ علاقے میں واقع اپنے گھر واپس جا رہے تھے، اسی دوران یہ حادثہ پیش آیا۔
مرنے والوں کی شناخت نیاز مرشد (22)، ان کی چھوٹی بہن مِمتاح (17)، ان کے ماموں محمد فردوس عالم (55) اور منی بس ڈرائیور محمد منا کے طور پر ہوئی ہے۔ چاروں کا تعلق کاکس بازار کے عیدگاہ علاقے سے تھا۔ زخمیوں میں سے سات افراد کو چٹگاؤں میڈیکل کالج اسپتال میں داخل کرایا گیا ہے۔ کرنافلی تھانہ انچارج نور احمد نے بتایا کہ حادثے کے بعد وین کو ضبط کرلیا گیا ہے، تاہم اس کا ڈرائیور اور معاون جائے حادثہ سے فرار ہوگئے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد