اگلے پانچ برس میں ایس ایچ جی کی بہنوں کو 10 لاکھ کروڑ روپے کا قرض ملے گا: شیوراج
نئی دہلی، 12 ستمبر (ہ س):۔ مرکزی وزیر زراعت و کسان بہبود اور دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان نے ’انٹرپرائز فنانسنگ اینڈ ایس ایچ جی بینک لنکیج‘ اور پردھان منتری آواس یوجنا-دیہی (پی ایم اے وائی-جی) کے تحت ملک بھر کے لاکھوں سیلف ہیلپ گروپس (ایس ایچ جی)
اگلے پانچ برس میں ایس ایچ جی کی بہنوں کو 10 لاکھ کروڑ روپے کا قرض ملے گا: شیوراج


نئی دہلی، 12 ستمبر (ہ س):۔

مرکزی وزیر زراعت و کسان بہبود اور دیہی ترقی شیوراج سنگھ چوہان نے ’انٹرپرائز فنانسنگ اینڈ ایس ایچ جی بینک لنکیج‘ اور پردھان منتری آواس یوجنا-دیہی (پی ایم اے وائی-جی) کے تحت ملک بھر کے لاکھوں سیلف ہیلپ گروپس (ایس ایچ جی) کی ارکان، ’لکھ پتی دیدیوں‘ اور مکانات کے مستحقین سے ویڈیو کانفرنسنگ کے ذریعے براہِ راست بات چیت کی۔

چوہان نے خواتین کے معاشی خود انحصاری اور ان کے معیارِ زندگی میں آنے والی غیر معمولی تبدیلی کی ستائش کرتے ہوئے اعلان کیا کہ آئندہ پانچ برسوں میں سیلف ہیلپ گروپس کو بینکوں کے ذریعے 10 لاکھ کروڑ روپے کا قرض فراہم کیا جائے گا، جس میں ایک لاکھ کروڑ روپے کا انفرادی قرض بھی شامل ہوگا۔

انہوں نے وزیر اعظم نریندر مودی کی 17 ستمبر کو سالگرہ اور عوامی خدمت کے 25 سال مکمل ہونے کے موقع پر ملک کے عوام اور تمام بہنوں سے جذباتی اپیل کی کہ وہ شام 7 بجے اپنے گھروں میں اظہارِ تشکر کے طور پر ’ایک دیا آشیرواد کا‘ روشن کریں۔ چوہان خود 17 ستمبر کو تلنگانہ کے ایک دور افتادہ دیہی علاقے میں پہنچ کر خواتین کے ساتھ دیا روشن کریں گے۔

اس موقع پر آسام کے کامروپ سے تعلق رکھنے والی تولیکا دیدی نے بتایا کہ وہ مشروم اور بیکری مصنوعات کے ذریعے سالانہ 12 سے 14 لاکھ روپے آمدنی حاصل کر رہی ہیں اور اپنے گروپ سے 200 سے زیادہ خواتین کو جوڑ چکی ہیں۔

بہار کے جہان آباد کی انو دیوی، مدھیہ پردیش کے سیہور کی ببیتا دیدی اور تریپورہ کے انیمیش سنگھ سمیت دیگر مستحقین نے بتایا کہ پردھان منتری آواس یوجنا کے تحت پکا مکان ملنے سے ان کی زندگی محفوظ اور باوقار ہوئی ہے۔ مستحقین نے کہا کہ مکان کے ساتھ اجولا گیس کنکشن، نل سے پانی، بیت الخلا اور آیوشمان کارڈ جیسی بنیادی سہولتوں نے ان کے خاندانوں کو نئی سمت دی ہے۔

مرکزی وزیر چوہان نے خواتین کے بڑھتے ہوئے اعتماد کی ستائش کرتے ہوئے کہا کہ محرومی اور مجبوری کا دور اب ختم ہوچکا ہے۔ دیہی خواتین اب نہ صرف اپنے پیروں پر کھڑی ہیں بلکہ خاندان کا معاشی سہارا بن کر اپنے بچوں کو اعلیٰ تعلیم بھی دلا رہی ہیں۔

وزیر اعظم مودی کے وژن کے تحت اب تک 3 کروڑ سے زیادہ ’لکھ پتی دیدیاں‘ تیار ہوچکی ہیں اور اب اگلا ہدف 6 کروڑ لکھ پتی دیدیاں بنانا ہے۔ اب ’لکھ پتی دیدی‘ سے ’دس لاکھ پتی‘ اور پھر ’کروڑ پتی دیدی‘ بننے کا سفر شروع ہوچکا ہے۔ ہماری بہنیں اب مصنوعات کی پیکیجنگ، برانڈنگ اور انہیں برآمد کرنے کی سمت میں بھی قدم بڑھا رہی ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / عطاءاللہ


 rajesh pande