
نئی دہلی، 12 ستمبر (ہ س)۔ وزیر اعظم نریندر مودی نے 18ویں برکس سربراہ اجلاس میں شرکت کیلئے نئی دہلی میں ملائیشیا کے وزیر اعظم داتو سیری انور بن ابراہیم کے ساتھ دوطرفہ ملاقات کی۔ دونوں رہنماؤں نے رواں سال فروری میں وزیر اعظم مودی کے ملائیشیا دورے کے بعد دوطرفہ تعلقات میں ہونے والی پیش رفت کا جائزہ لیا اور مختلف شعبوں میں تعاون کو مزید فروغ دینے پر تبادلہ خیال کیا۔وزیر اعظم مودی نے ہندوستان آمد پر ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم کا خیرمقدم کیا اور برکس سربراہ اجلاس میں شراکت دار ملک کی حیثیت سے ملائیشیا کی شرکت کو سراہا۔ہندوستان اور ملائیشیا کے وزرائے اعظم کے دفاتر کی جانب سے جاری بیان کے مطابق دونوں رہنماؤں نے تجارت و سرمایہ کاری، دفاع و سلامتی، سیمی کنڈکٹر، بنیادی ڈھانچے، ڈیجیٹل معیشت، توانائی، مالیاتی ٹیکنالوجی، تعلیم، سیاحت اور عوامی سطح پر رابطوں سمیت مختلف شعبوں میں تعاون کی پیش رفت کا جائزہ لیا۔ملاقات کے دوران ملائیشیا کے وزیر اعظم انور ابراہیم نے بتایا کہ ملائیشیا نے صباح کے شہر کوٹا کنابالو میں ہندوستان کا قونصل خانہ قائم کرنے پر رضامندی ظاہر کر دی ہے۔وزیر اعظم مودی نے ہندوستان-آسیان تعلقات کو مضبوط بنانے میں ملائیشیا کے مسلسل تعاون کی بھی ستائش کی۔ دونوں رہنماؤں نے علاقائی اور عالمی اہمیت کے مختلف امور پر اپنے خیالات کا تبادلہ کیا۔دونوں جانب سے ہندوستان اور ملائیشیا کے درمیان جامع اسٹریٹجک شراکت داری کو مزید مضبوط بنانے کے عزم کا اعادہ کیا گیا۔ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan