
چنئی، 10 ستمبر (ہ س)۔
ایسٹ زون نے جمعرات کو ایم اے چدمبرم اسٹیڈیم میں ساؤتھ زون کے خلاف پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر دلیپ ٹرافی کا خطاب اپنے نام کر لیا۔ ایسٹ زون نے 13 سال کا انتظار ختم کرتے ہوئے تیسری بار یہ باوقار ٹرافی جیتی۔ ٹیم نے اس سے قبل 2012۔13 کے سیزن میں یہ خطاب اپنے نام کیا تھا۔
فائنل کے آخری دن ایسٹ زون نے دوسری اننگز میں 388/7 کے اسکور پر اننگز ڈکلیئر کر دی۔ محمد کونین قریشی نے 190 گیندوں پر ناٹ آؤٹ 116 رنز کی شاندار اننگز کھیل کر اپنی پہلی فرسٹ کلاس سنچری مکمل کی، جبکہ انکول رائے نے 64 رنز بنائے۔ اننگز ڈکلیئر ہوتے ہی ایشان کشن کی قیادت والی ایسٹ زون ٹیم نے خطاب جیتنے کا جشن شروع کر دیا۔
ایسٹ زون نے پہلی اننگز میں 708 رنوں کا بڑا اسکور کھڑا کیا تھا۔ کپتان ایشان کشن نے شاندار 270 رن جبکہ کمار کشاگر نے 101 رنز کی اننگز کھیلی تھی۔ کشن نے دوسری اننگز میں بھی 80 رنز بنائے اور میچ میں مجموعی طور پر 350 رنز مکمل کیے۔
ایسٹ زون کی خطاب جیت میں جھارکھنڈ کے ابھرتے ہوئے کھلاڑیوں کا اہم کردار رہا۔ کشاگر کے علاوہ شکھر موہن نے دلیپ ٹرافی میں اپنے ڈیبیو پر 85 رنز کی شاندار اننگز کھیلی۔ انہوں نے گزشتہ ڈومیسٹک سیزن میں دکھائی گئی اچھی فارم کو بھی برقرار رکھا۔ کشاگر، شکھر اور کشن کی تینوں نے ایسٹ زون کی بیٹنگ کو مضبوطی فراہم کی۔
فائنل کے آخری دن کونین قریشی اور انوکول رائے نے ساتویں وکٹ کے لیے 150 رنز کی شراکت داری کی۔ اسی دوران سست اوور ریٹ کے باعث ساؤتھ زون پر پانچ رنز کی پنالٹی بھی عائد کی گئی۔ میچ آفیشلز اور ساؤتھ زون کے کپتان تلک ورما کے درمیان طویل گفتگو کے بعد یہ فیصلہ کیا گیا۔
قریشی نے 96ویں اوور میں تیز گیند باز سی وی ملند کی گیند پر ایکسٹرا کور کی سمت دو رنز لے کر اپنی پہلی فرسٹ کلاس سنچری مکمل کی۔ سنچری مکمل کرنے کے بعد انہوں نے ہیلمٹ اتار کر ہاتھ بلند کیے، جبکہ ٹیم کے کھلاڑیوں نے بالکونی سے کھڑے ہو کر ان کا استقبال کیا۔ اگلے ہی اوور میں انہوں نے ترپورانا وجے کی گیندوں پر مڈ وکٹ اور لانگ آن کے اوپر مسلسل دو چھکے جڑ دیے۔
دوسرے سرے پر انوکول رائے نے 89ویں اوور میں شیخ رشید کی گیند کو پوائنٹ کی سمت بھیج کر ایک رن لیا اور اپنی نصف سنچری مکمل کی۔ تاہم اس کے بعد ان کی اننگز 64 رنز پر ختم ہو گئی۔ وہ ایم ڈی ندییش کی گیند پر غیر ذمہ دارانہ شاٹ کھیلنے کی کوشش میں سلپ میں دیودت پڈیکل کے ہاتھوں کیچ آؤٹ ہوئے۔
100ویں اوور کی دوسری گیند پر قریشی نے ملند کی گیند کو مڈ آن کی جانب کھیلا۔ اس کے بعد کپتان ایشان کشن نے پویلین سے اننگز ڈکلیئر کرنے کا اشارہ دیا۔ امپائرز نے فوراً بیلز ہٹا دیں اور ایسٹ زون کی خطاب جیت کی باضابطہ تصدیق ہو گئی۔
چیپاک کی مشکل پچ اور حبس بھرے موسم کے باوجود ساؤتھ زون کے فاسٹ بولر محمد سراج نے شاندار جدوجہد کا مظاہرہ کیا۔ میچ کا نتیجہ تقریباً طے ہونے کے باوجود انہوں نے مسلسل نو اوورز کا طویل اسپیل کیا۔
اننگز ڈکلیئر ہونے کے بعد ایسٹ زون کے کھلاڑی میدان میں اتر کر جشن منانے لگے۔ ایشان کشن اور ویبھو سوریہ ونشی نے اسٹمپ ہاتھ میں لے کر رقص کیا اور تماشائیوں کی جانب ہاتھ ہلا کر فتح کا استقبال کیا۔
مختصر اسکور: ایسٹ زون—708 اور 388/7 ڈکلیئر (محمد کونین قریشی 116 ناٹ آؤٹ، ایشان کشن 80؛ ایم ڈی ندھیش 2/28، سی وی ملند 1/27) نے ساؤتھ زون—336 (تلک ورما 99؛ مکیش کمار 3/62) کے ساتھ میچ ڈرا کھیلا۔ پہلی اننگز میں برتری کی بنیاد پر ایسٹ زون فاتح قرار پایا۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ