
ہو چی منہ سٹی، 10 ستمبر (ہ س)۔
اعلیٰ سیڈڈ تنوی شرما نے جمعرات کو تھائی لینڈ کی پاسا-اورن فناچیٹ کو ہرا کر ویتنام اوپن بیڈمنٹن ٹورنامنٹ کے کوارٹر فائنل میں جگہ بنا لی۔ تنوی نے آخری 16 کے مقابلے میں فناچیٹ کو 24-26، 12-21 سے شکست دی۔
دنیا کی 27ویں نمبر کی کھلاڑی تنوی کو پہلے گیم میں سخت چیلنج کا سامنا کرنا پڑا۔ دونوں کھلاڑیوں کے درمیان پورے گیم میں کانٹے کی ٹکر رہی اور کوئی بھی فیصلہ کن برتری حاصل نہیں کر سکا۔ تنوی نے آخری لمحات میں صبر و تحمل کا مظاہرہ کرتے ہوئے 20 منٹ میں گیم 24-26 سے اپنے نام کیا۔
دوسرے گیم میں تنوی نے شاندار شروعات کرتے ہوئے 0-5 کی برتری حاصل کر لی۔ وقفے تک انہوں نے 4-11 کی سبقت بنا لی تھی۔ وقفے کے بعد بھی انہوں نے مقابلے پر اپنا غلبہ برقرار رکھا اور 12-21 سے گیم جیت کر 36 منٹ میں میچ اپنے نام کر لیا۔
کوارٹر فائنل میں تنوی کا سامنا ہم وطن مالویکا بنسوڈ سے ہوگا۔ مالویکا نے آخری 16 میں تھائی لینڈ کی تیداپورن کلیبیسون کو 19-21، 14-21 سے ہرایا۔ تنوی نے ابتدائی راونڈ میں کینیڈا کی ریچل چین کو 16-21، 17-21 سے ہرا کر آخری 16 میں جگہ بنائی تھی۔
تنوی اس سیزن کا دوسرا خطاب جیتنے کی کوشش میں ہیں۔ انہوں نے جولائی کے اختتام پر تائپے اوپن کا خطاب جیتا تھا اور اس کے بعد کوریا ماسٹرز کے کوارٹر فائنل تک پہنچی تھیں۔ اس مہینے کے آغاز میں شینزین میں چائنا ماسٹرز سپر 750 میں انہیں آخری 16 میں جاپان کی توموکا میازاکی کے ہاتھوں 21-17، 18-21، 21-16 سے شکست کا سامنا کرنا پڑا تھا۔
مردوں کے سنگلز کے آخری 16 کے مقابلے میں تیسری سیڈڈ ایچ ایس پرنے نے چینی تائپے کے ژے ینگ وو کو 15-21، 21-13، 14-21 سے ہرا کر کوارٹر فائنل میں جگہ بنائی۔ پرنے نے 56 منٹ تک جاری رہنے والے مقابلے میں جیت درج کی۔
کوارٹر فائنل میں پرنے کا سامنا ہم وطن سنسکار سرسوت سے ہوگا۔ سنسکار نے چھٹی سیڈڈ کرن جارج کو 12-21، 21-10، 18-21 سے ہرا کر آخری آٹھ میں جگہ بنائی۔
پرنے نے پہلے گیم میں 5-5 کے اسکور کی برابری کے بعد لگاتار سات پوائنٹس حاصل کرتے ہوئے 5-12 کی برتری بنا لی اور باآسانی گیم اپنے نام کیا۔ تاہم ژے ینگ وو نے دوسرے گیم میں واپسی کرتے ہوئے اسے باآسانی جیت لیا اور مقابلے کو فیصلہ کن گیم میں پہنچا دیا۔ تیسرے گیم میں پرنے نے سخت مقابلے کے باوجود تین سے چار پوائنٹس کی برتری برقرار رکھی اور آخر کارژے ینگ ووکا چیلنج ختم کرتے ہوئے میچ جیت لیا۔
سنگلز زمرے میں فتح درج کرنے والے دیگر ہندوستانی کھلاڑیوں میں ایشارانی بروا اور سنتوش رام راج بھی شامل رہے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن