
ہنول (گجرات)، 9 اگست (ہ س)۔ مرکزی وزیر برائے امور نوجواں و کھیل ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے اتوار کو گجرات کے ہنول سے ’فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل‘ کے 85ویں ایڈیشن کی قیادت کی۔ اس موقع پر نوجوانوں، ’مائی بھارت‘ اور نیشنل سروس اسکیم (این ایس ایس)سے وابستہ شرکا نے ’نشہ سے پاک بھارت‘ کا اجتماعی عہد لیا۔ اس مہم کا پیغام تھا: ’’فٹنس کو ہاں کہیں، منشیات کو نہ کہیں۔‘‘وزارت امور نوجواں و کھیل کی جانب سے فٹ انڈیا مہم کے تحت منعقدہ اس پروگرام کا مقصد نوجوانوں کو نشے سے دور رکھتے ہوئے فٹنس کو صحت مند طرز زندگی کے ایک مثبت متبادل کے طور پر فروغ دینا تھا۔
ڈاکٹر منسکھ مانڈویا نے ’سنڈے آن سائیکل‘ کو عوامی تحریک قرار دیتے ہوئے کہا کہ انہیں خوشی ہے کہ یہ پہل وزیر اعظم کے فٹ انڈیا مشن کو آگے بڑھاتے ہوئے ایک بڑی عوامی تحریک کی شکل اختیار کر رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک بھر میں 10 ہزار سے زائد مقامات پر نوجوانوں نے سائیکلنگ کے ذریعے فٹنس اور نشہ مخالف پیغام عام کیا ہے۔ڈاکٹر مانڈویا نے دسمبر 2024 میں ’سنڈے آن سائیکل‘ مہم کا آغاز کیا تھا۔ اس کے بعد سے ملک بھر میں 30 لاکھ سے زیادہ افراد اس مہم میں حصہ لے چکے ہیں۔
دہلی میں اس مہم کا مرکزی پروگرام میجر دھیان چند نیشنل اسٹیڈیم میں منعقد کیا گیا۔ پروگرام کی خاص توجہ اجتماعی ’نشہ سے پاک بھارت‘ عہد رہا، جس میں ایک ہزار سے زائد افراد نے نشے سے پاک زندگی گزارنے اور اپنے خاندان، دوستوں اور معاشرے کو صحت مند طرز زندگی اپنانے کی ترغیب دینے کا عزم کیا۔
اتوار کی صبح ساڑھے پانچ بجے تک ایک ہزار سے زائد افراد اسٹیڈیم پہنچ چکے تھے۔ شرکا نے یوگا اور زومبا سمیت مختلف سرگرمیوں میں حصہ لیا۔ اس کے بعد انڈیا گیٹ اور کرتویہ پتھ کے اطراف تقریباً پانچ کلومیٹر کی سائیکل ریلی نکالی گئی۔پروگرام میں کیرم، شطرنج، لڈو اور بیڈمنٹن کے لیے گیم زون بھی بنایا گیا تھا۔ اس کے علاوہ رسہ کشی اور رکاوٹوں کی دوڑ جیسی فٹنس سرگرمیوں کا بھی اہتمام کیا گیا۔
اس موقع پر اداکار و ماڈل سدھارتھ نگم، بین الاقوامی اسکواش کھلاڑی اور جونیئر قومی چمپئن گرویر سنگھ، فٹ انڈیا ایمبیسیڈر نریندر کمار اور فٹ انڈیا چیمپئن و معروف زومبا ٹرینر مینل پاٹھک سمیت کئی شخصیات نے شرکت کی۔
سائیکل ریلی مکمل کرنے کے بعد اداکار اور جمناسٹ سدھارتھ نگم نے کہا کہ صبح پانچ بجے گھر سے نکل کر دہلی کے لوگوں کو اتنی توانائی اور جوش کے ساتھ سائیکل چلاتے دیکھنا ایک شاندار تجربہ تھا۔انہوں نے کہا کہ ’نشہ سے پاک بھارت‘ کے موضوع پر منعقدہ فٹ انڈیا سنڈے آن سائیکل یہ مضبوط پیغام دیتا ہے کہ نقصان دہ نشے کے بجائے فٹنس، محنت اور اپنے مقاصد کے حصول کو زندگی کا حصہ بنانا چاہیے۔
سدھارتھ نگم نے کہا کہ ایک کھلاڑی کی حیثیت سے جمناسٹکس نے انہیں سکھایا ہے کہ نظم و ضبط ایک بہتر انسان بننے کی بنیادی کنجی ہے۔ انہوں نے لوگوں سے منشیات، سگریٹ اور شراب سے دور رہنے، اپنی صحت کا خیال رکھنے اور روزانہ کم از کم 30 منٹ فٹنس کے لیے وقف کرنے کی اپیل کی۔بین الاقوامی اسکواش کھلاڑی گرویر سنگھ نے کہا کہ فٹ انڈیا اور نشہ سے پاک بھارت نوجوانوں کو فٹنس کی جانب راغب کرنے اور نشے سے دور رکھنے کی بہترین کوششیں ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہر شخص کو روزانہ کم از کم 30 منٹ جسمانی سرگرمی کے لیے ضرور نکالنے چاہئیں۔گرویر سنگھ نے دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستانی کھلاڑیوں کی کارکردگی کی بھی تعریف کی۔ انہوں نے کہا کہ دولت مشترکہ کھیلوں میں ہندوستان کا 39 تمغوں کا حصول قابلِ ستائش ہے اور ملک کے کھلاڑیوں نے قوم کا سر فخر سے بلند کیا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / Mohammad Khan