
نئی دہلی ، 31 اگست ( ہ س) : قومی کونسل برائے فروغ اردو زبان، نئی دہلی کے صدر دفتر میں 24اگست کو فائنینس کمیٹی کی میٹنگ منعقد ہوئی تھی جس کی صدارت ڈاکٹر ماجد احمد تالی کوٹی نے کی اور ممبران میں عرفان علی پیرزادہ اور پی وی سوریا نارائن مورتی (مہک حیدرآبادی) کے علاوہ شریانش موہن (ڈپٹی سکریٹری لینگویجز) اور وویک کمار (انڈر سکریٹری ،آئی ایف ڈی، وزارت تعلیم حکومت ہند) نے شرکت کی تھی۔ اس میٹنگ میں ادارے کی جانب سے کئی ایجنڈے پیش کیے گئے جن پر غور و خوض کے بعد کمیٹی نے ایجنڈوں کو منظوری دی۔ میٹنگ میں منظور کیے گئے ایجنڈوں میں ایک اہم ایجنڈہ موبائل بس سروس کی منظوری ہے۔ کمیٹی نے اردو کتابوں کی نمائش، فروخت اور کتاب کلچر کو بڑھاوا دینے کے لیے ایک خصوصی موبائل بس کی تجویز منظور کرتے ہوئے اس پر جلد کارروائی کی بات کہی۔
واضح رہے کہ کونسل کی جانب سے اس سے پہلے بھی موبائل بس کا انتظام کیا گیا تھا جس کی میعاد 2023 میں مکمل ہوجانے کے سبب یہ سروس معطل ہوگئی تھی۔ کمیٹی کی جانب سے پاس کیا جانے والا دوسرا اہم ایجنڈہ ‘لرننگ مینجمنٹ سسٹم (ایل ایم ایس)’ ہے۔ اس ایجنڈے کے تحت اردو سیکھنے والوں کو ویب اور موبائل ایپلی کیشن کے ذریعے اردو کورسز آڈیو اور ویڈیو اسباق ، محاسبہ اور موادتک رسائی فراہم کی جائے گی۔ یہ سروس آف لائن بھی دستیاب ہوگی اور طلبا کو ڈیجیٹل سرٹیفکٹ بھی فراہم کرے گی۔ تلفظ کی درست ادائیگی، اہم موضوعات پر لیکچر اور مشق کے ذریعے اسے مزید موثر بنایا جائے گا۔ قومی اردو کونسل کی یہ سروس نہ صرف ہندوستان بلکہ دیگر ممالک کے صارفین کے لیے بھی دستیاب ہوگی۔
تیسرا اہم ایجنڈہ قومی اردو کونسل کی مطبوعات کی آنلائن خرید و فروخت کے لیے ای کامرس پلیٹ فارم تیار کرنا ہے۔ قومی اردو کونسل نے 2200 سے زائد ٹائٹل شائع کیے ہیں، اس پلیٹ فارم کے ذریعے انھیں حاصل کرنا آسان ہوجائے گا۔ کتاب حاصل کرنے کے لیے آنلائن رقم کی محفوظ ادائیگی اورصحیح پتے پر کتابوں کی ڈلیوری بھی اس پلیٹ فارم کے ذریعے ممکن بنائی جائے گی۔ چوتھا ایجنڈہ قومی اردو کونسل سے شائع ہونے والی 50 سے زائد اردو لغات اور انسائیکلوپیڈیا کو سرچ موڈ کے قابل بنانا ہے۔ اس ایجنڈے کے تحت قومی اردو کونسل کی تمام لغات کو ایک ویب اور موبائل ایپ پر دستیاب کرایا جائے گا جہاں تمام لغات کو ضم کرکے محققین، طلبا اور اساتذہ کے لیے اسے مستند ماخذ اور حوالے کی شکل دی جائے گی۔ اس منصوبے کو مرحلہ وار عمل میں لایا جائے گا جس میں مواد کو ڈیجیٹل فارم میں منتقل کرنا، صارف دوست بنانا، جدید ترین سرچ ٹولز کو بروئے کار لانا شامل ہیں۔
ان کے علاوہ سالانہ اکاؤنٹ اور مالی سال 27-2026 کے لیے اضافی فنڈ کے حوالے سے بھی کارآمد گفتگو ہوئی اور اسے بھی منظور کیا گیا۔
قومی اردو کونسل نے اپنے قیام کے ساتھ ہی اردو زبان و ادب کے فروغ کے لیے کلاسیکی اور مختلف علوم کی اردو میں کتابوں کی اشاعت کے ساتھ عصری تقاضے اور جدید ٹیکنالوجی کو ہمیشہ مدِّنظر رکھا ہے۔ یہی وجہ ہے کہ کونسل نے وقت کے ساتھ اپنے صارفین کی ضرورتوں کو سمجھتے ہوئے ویب سائٹ اور دیگر اسکیموں میں مناسب ترمیم و اضافے بھی کیے ہیں۔ ان ایجنڈوں کی منظوری سے کتابوں کی نمائش و فروخت کے لیے موبائل بس،آنلائن لغات اور ویب سائٹ ایپلی کیشن نہ صرف اردو زبان کی ترویج و اشاعت کا اہم حوالہ بنیں گے بلکہ اردو کے نئے قارئین بھی پیدا کریں گے۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / عبدالواحد