

ممبئی، 30 اگست (ہ س) ۔تھانے میں 6 سال بعد میئر، عہدیداروں اور کارپوریٹروں کے عہدوں پر دوبارہ ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد 32ویں ٹھانے میئر ورشا میراتھن کا انعقاد بڑے جوش و خروش کے ساتھ کیا گیا۔ تھانے میونسپل کارپوریشن اور ٹھانے ضلع ایتھلیٹکس ایسوسی ایشن کی جانب سے دھاو ٹھانے، گتی شیل ٹھانے کے نعرے کے ساتھ منعقد اس میراتھن میں تقریباً 30 ہزار رنرز نے حصہ لیا۔مردوں کے زمرے میں کولہاپور کے پروین کامبلے نے پہلی پوزیشن حاصل کی۔ انہوں نے 21 کلومیٹر کا فاصلہ 1 گھنٹہ 7 منٹ اور 21 سیکنڈ میں مکمل کیا۔ خواتین کے زمرے میں ناسک کی رویِنا گائیکواڑ نے 1 گھنٹہ 26 منٹ اور 4 سیکنڈ میں مقررہ فاصلہ طے کیا۔ میرا تھن کا افتتاح نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے اور ان کی اہلیہ لتا شندے نے جھنڈی دکھا کر کیا۔ اس موقع پر ٹرانسپورٹ وزیر پرتاپ سرنائک، رکن پارلیمنٹ نریش مہسکے اور رکن اسمبلی رویندر پھاٹک نے فاتح رنرز کو اعزازات سے نوازا۔ 32ویں تھانے میئر ورشا میراتھن کے انعقاد کو لے کر رنرز میں خاصا جوش دیکھنے کو ملا۔ نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے میراتھن کو جھنڈی دکھانے کے بعد خود بھی رنرز کے ساتھ کچھ دور تک دوڑ لگائی اور ان کا حوصلہ بڑھایا۔ایکناتھ شندے نے کہا کہ یہ خوشی کی بات ہے کہ تھانے میئر ورشا میراتھن اس سال دوبارہ منعقد ہو رہی ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس میراتھن کی 32 سالہ تاریخ ہے اور اس موقع پر انہیں اس میراتھن کے آغاز کے لیے ابتدائی مرحلے میں پہل کرنے والے آنجہانی سابق رکن پارلیمنٹ ستیش پردھان کی خاص طور پر یاد آئی۔ انہوں نے کہا کہ تھانے مسلسل تبدیل ہو رہا ہے اور اس بدلتے ہوئے تھانے کے ساتھ یہ میراتھن شہر کے نوجوانوں میں جوش اور توانائی پیدا کرنے کا کام بھی کر رہی ہے۔ اسی مقصد کے تحت دھاو ٹھانے، گتی شیل ٹھانے کا نعرہ دیا گیا ہے۔بین الاقوامی ایتھلیٹ نیلیش کلکرنی نے اس میراتھن کی تاریخ کو کافی ٹیبل بک کے ذریعے پیش کرنے کی کوشش کی ہے۔ اس پر نائب وزیر اعلیٰ ایکناتھ شندے نے تجویز پیش کی کہ گزشتہ 32 سال کی اس تاریخ کو مزید بڑے اور منظم انداز میں محفوظ کیا جانا چاہیے۔ ایکناتھ شندے نے مزید کہا کہ تھانے ضلع سے بین الاقوامی سطح کے ایتھلیٹس تیار ہوں اور وہ مستقبل میں اولمپکس جیسے عالمی مقابلوں میں حصہ لے سکیں، اس کے لیے کوششیں کی جائیں گی اور کھلاڑیوں کو ہر ممکن مدد فراہم کی جائے گی۔
ہندوستھان سماچار
--------------------
ہندوستان سماچار / جاوید این اے