
علی گڑھ, 30 اگست (ہ س)۔
مسجد پنجتن علی گڑھ کے پانچ سال مکمل ہونے اور خانقاہ عالیہ برکاتیہ نوریہ مارہرہ مقدسہ کے سجادہ نشین سید نجیب حیدر میاں نوری کے 50 سالہ دورِ خطابت کی تکمیل پر تہنیتی جلسہ منعقد کیا گیا۔ جلسے میں علماء، ائمہ مساجد، سادات کرام اور شہر کے معززین نے شرکت کی۔
جلسے کی سرپرستی پروفیسر سید محمد امین میاں قادری برکاتی نے کی، جبکہ صدارتحضور شرفِ ملت حضرت سید محمد اشرف قادری نے کی۔ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی نے بھی خصوصی شرکت کی۔ مسجد پنجتن اور کو ہند انجمن اصلاح معاشرہ کی جانب سے حضور نجیبِ ملت کو سپاس نامہ، جبہ، روایتی ٹوپی اور عصا پیش کیا گیا۔
خصوصی مقررمفتی حنیف قادری برکاتی نے خانقاہ برکاتیہ کی دینی و سماجی خدمات، ساداتِ مارہرہ کی سادگی اور علم پروری پر روشنی ڈالی۔ انہوں نے حضور نجیبِ ملت کی خطابت اور دینی خدمات کا ذکر کرتے ہوئے کہا کہ آپ نے ہمیشہ حق گوئی، نماز کی پابندی، والدین کی خدمت، مدارس سے وابستگی اور معاشرتی حقوق کی ادائیگی کی تلقین کی۔
نجیب حیدر میاں نورینے اپنے خطاب میں میزباناکبر قادری برکاتیاور ان کے اہل خانہ سے اپنے دیرینہ تعلقات کا ذکر کیا۔حضور شرفِ ملت نے مسجد پنجتن اور مدرسہ کے بانی اکبر قادری برکاتی کی دینی خدمات اور ایثار کو سراہا۔
حضرت سید محمد امان میاں قادری برکاتینے مہمانوں کا استقبال کیا اور اکبر قادری برکاتی کے خاندانِ برکات سے تعلقات اور مارہرہ شریف کے جامعہ احسن البرکات کی دینی و تعلیمی خدمات کا ذکر کیا۔ سرپرستِ جلسہ سید محمد امین میاں قادری برکاتینے حاضرین اور ملتِ اسلامیہ کے لیے خصوصی دعا کی۔
اس موقع پر کلیم دانش کانپوری اور سید فرقان علی قادری نے نعت و منقبت پیش کی۔ نظامت ڈاکٹر سلمان اور ڈاکٹر احمد مجتبیٰ صدیقی نے انجام دی۔ جلسے کا اختتام درود و سلام اور امتِ مسلمہ کی سربلندی کے لیے دعا کے ساتھ ہوا۔
-------------
ہندوستان سماچار / سید کامران علی گڑھ