
جموں، 30 اگست (ہ س)۔
مرکزی وزیر مملکت ڈاکٹر جتیندر سنگھ نے ادھم پور-کٹھوعہ-ڈوڈہ-کشتواڑ خطے میں پردھان منتری گرام سڑک یوجنا کے تحت 110 سڑک منصوبوں کا سنگ بنیاد رکھا۔ ان منصوبوں کی مجموعی لمبائی 598.455 کلومیٹر ہے اور ان پر 1503.53 کروڑ روپے خرچ ہوں گے۔ منصوبوں سے 46,972 افراد کو فائدہ پہنچنے کی توقع ہے۔
ڈاکٹرجتیندر سنگھ نے کہا کہ گزشتہ 12 برسوں کے دوران ادھم پور-کٹھوعہ-ڈوڈہ پارلیمانی حلقے میں دیہی سڑک رابطے کو مسلسل وسعت دی گئی ہے۔ انہوں نے کہا کہ نئی سڑکیں دور دراز اور دشوار گزار پہاڑی علاقوں میں ہر موسم میں آمدورفت کی سہولت فراہم کرنے کے ساتھ تعلیم، صحت، بازار اور روزگار تک رسائی آسان بنائیں گی۔ انہوں نے کہا کہ بہتر سڑک رابطہ سلامتی کے نقطۂ نظر سے بھی اہم ہے، کیونکہ اس سے دور دراز علاقوں تک سلامتی دستوں کی رسائی تیز ہوگی اور دہشت گردی مخالف کارروائیوں میں مدد ملے گی۔
ضلع وار تفصیلات کے مطابق کٹھوعہ میں 24 منصوبے 128.925 کلومیٹر، ادھم پور میں 44 منصوبے 235.040 کلومیٹر، رام بن میں 13 منصوبے 60.360 کلومیٹر، ڈوڈہ میں 13 منصوبے 90.180 کلومیٹر اور کشتواڑ میں 16 منصوبے 83.950 کلومیٹر پر محیط ہوں گے۔
اس موقع پر نائب وزیر اعلیٰ جموں و کشمیر سریندر چودھری نے کہا کہ جموں و کشمیر ترقی کی راہ پر گامزن ہے اور حکومت عوامی مسائل کے حل کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے سڑک منصوبوں کے معیار پر کسی قسم کا سمجھوتہ نہ کرنے کی ہدایت دیتے ہوئے کہا کہ تعمیراتی کام مقررہ معیار کے مطابق مکمل کیے جائیں اور کوتاہی کی صورت میں سخت کارروائی کی جائے گی۔ تقریب میں متعدد اراکین اسمبلی نے شرکت کی اور اپنے علاقوں سے متعلق مسائل اٹھائے۔ ڈاکٹر جتیندر سنگھ اور نائب وزیر اعلیٰ نے یقین دلایا کہ ان مسائل کے حل کے لیے ضروری اقدامات کیے جائیں گے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر