الور میں دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر خوفناک حادثہ، پک اَپ اور ٹرک کی ٹکر میں 3 نوجوان جاں بحق
الور، 29 اگست (ہ س)۔ راجستھان کے الور ضلع میں دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر ہفتہ کی علی الصبح پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں تین نوجوانوں کی موت ہوگئی، جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔ حادثہ گووندگڑھ تھانہ علاقے میں سرمور پلیا کے قریب صبح تقریباً 4 بجے پیش آ
الور میں دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر خوفناک حادثہ، پک اَپ اور ٹرک کی ٹکر میں 3 نوجوان جاں بحق


الور، 29 اگست (ہ س)۔ راجستھان کے الور ضلع میں دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر ہفتہ کی علی الصبح پیش آئے ایک خوفناک سڑک حادثے میں تین نوجوانوں کی موت ہوگئی، جبکہ دو دیگر زخمی ہوگئے۔ حادثہ گووندگڑھ تھانہ علاقے میں سرمور پلیا کے قریب صبح تقریباً 4 بجے پیش آیا۔ حادثے کے بعد موقع پر چیخ و پکار مچ گئی۔

موصولہ اطلاعات کے مطابق پک اَپ گاڑی میں اتر پردیش کے میرٹھ کے رہنے والے پانچ نوجوان سوار تھے۔ تمام نوجوان پودے لے کر میرٹھ سے الور کے راج گڑھ میں واقع ایک فارم ہاؤس جا رہے تھے، جہاں انہیں پودے لگانے کا کام کرنا تھا۔ تین نوجوان پک اَپ کے پچھلے حصے میں سو رہے تھے، جبکہ دو نوجوان ڈرائیور کے ساتھ کیبن میں بیٹھے تھے۔

گووندگڑھ تھانے کے ایس ایچ او دھریندر سنگھ کے مطابق پک اَپ کا اگلا حصہ ایک ٹرک سے ٹکرا گیا۔ ٹکر کے بعد گاڑی بے قابو ہوکر سڑک کنارے ڈیوائیڈر سے جا ٹکرائی اور الٹ گئی۔ گاڑی کی رفتار زیادہ ہونے کے باعث پک اَپ کافی دور تک گھسٹتی ہوئی سڑک کی دوسری جانب چلی گئی۔حادثے کے دوران پک اَپ کے پچھلے حصے میں سوئے ہوئے تین نوجوان گاڑی کے نیچے دب گئے اور موقع پر ہی دم توڑ گئے۔

پولیس کے مطابق حادثے میں شاداب (45)،شباہت (25) اور افسر (22) کی موت ہوئی ہے۔ وہیں ڈرائیورعزیر اور کیبن میں بیٹھا اورنگ زیب زخمی ہوئے ہیں۔ دونوں کو علاج کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا۔پولیس نے تینوں لاشوں کو قبضے میں لے کر پوسٹ مارٹم کے لیے بھیج دیا ہے اور حادثے کی وجوہات کی جانچ شروع کردی ہے۔

زخمی نوجوانوں نے پولیس کو بتایا کہ وہ میرٹھ میں نرسری کا کام کرتے ہیں اور پودے لگانے کا کام بھی کرتے ہیں۔ الور کے راج گڑھ میں ایک فارم ہاؤس میں پودے لگانے کا کام ملنے کے بعد پانچوں نوجوان پودے لے کر وہاں جا رہے تھے۔

حادثے میں جاں بحق ہونے والا شاداب پانچ بچوں کا والد تھا، جبکہ شباہت اور افسر غیر شادی شدہ تھے۔ حادثے کی اطلاع ملتے ہی متوفیوں کے اہل خانہ میں ماتم چھا گیا۔

دہلی-ممبئی ایکسپریس وے پر پیش آنے والے اس حادثے نے ایک بار پھر تیز رفتاری اور سڑک پر حفاظتی انتظامات سے متعلق سوالات کھڑے کردیئے ہیں۔ پولیس حادثے کی مکمل وجوہات اور اس کے حالات کا پتہ لگانے میں مصروف ہے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande