ٹخنے کی چوٹ کے باعث نیرج چوپڑا ڈائمنڈ لیگ فائنل اور ایشیائی کھیلوں سے باہر
نئی دہلی، 29 اگست (ہ س)۔ بھارت کے اسٹار جیولین تھرو کھلاڑی نیرج چوپڑا نے ٹخنے کی چوٹ کے باعث موجودہ سیزن کے باقی تمام مقابلوں سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد وہ اگلے ہفتے برسلز میں ہونے والے ڈائمنڈ لیگ فائنل اور ستمبر میں جاپان کے
ٹخنے کی چوٹ کے باعث نیرج چوپڑا ڈائمنڈ لیگ فائنل اور ایشیائی کھیلوں سے باہر


نئی دہلی، 29 اگست (ہ س)۔ بھارت کے اسٹار جیولین تھرو کھلاڑی نیرج چوپڑا نے ٹخنے کی چوٹ کے باعث موجودہ سیزن کے باقی تمام مقابلوں سے دستبردار ہونے کا فیصلہ کیا ہے۔ اس فیصلے کے بعد وہ اگلے ہفتے برسلز میں ہونے والے ڈائمنڈ لیگ فائنل اور ستمبر میں جاپان کے آئچی-ناگویا میں منعقد ہونے والے ایشیائی کھیلوں میں حصہ نہیں لے سکیں گے۔

28 سالہ نیرج نے ہفتہ کو سوشل میڈیا کے ذریعے بتایا کہ لوزان ڈائمنڈ لیگ میں سیزن کی بہترین کارکردگی پیش کرنے کے کچھ ہی عرصے بعد پریکٹس کے دوران ان کے ٹخنے کے لیگامنٹ میں چوٹ لگ گئی۔ ڈاکٹروں اور اپنی ٹیم سے مشورے کے بعد انہوں نے پورے سیزن کے باقی مقابلوں سے دور رہنے کا فیصلہ کیا ہے۔

نیرج نے کہا، ’سخت محنت کے بعد بالآخر لوزان میں سیزن کا بہترین تھرو کرنے کے ساتھ مجھے وہ ردھم محسوس ہونے لگی تھی جس کی میں تلاش کر رہا تھا۔ بدقسمتی سے اس کے کچھ ہی عرصے بعد پریکٹس کے دوران میرے ٹخنے کے لیگامنٹ میں چوٹ لگ گئی۔ ڈاکٹروں اور ٹیم سے مشورے کے بعد ہم نے فیصلہ کیا ہے کہ میں اس سیزن کے باقی حصے میں حصہ نہیں لوں گا۔‘

نیرج کا اس سیزن کا آخری مقابلہ لوزان ڈائمنڈ لیگ تھا، جہاں انہوں نے 88.05 میٹر کی تھرو کے ساتھ چاندی کا تمغہ حاصل کیا تھا۔ اس سے قبل دوحہ ڈائمنڈ لیگ میں وہ 85.69 میٹر کی تھرو کے ساتھ چوتھے نمبر پر رہے تھے۔

صرف دو ڈائمنڈ لیگ مقابلوں میں شرکت کے باوجود نیرج برسلز میں ہونے والے فائنل کے لیے کوالیفائی کرنے میں کامیاب رہے تھے۔ وہ سیزن کے چھٹے بہترین کھلاڑی کے طور پر فائنل میں جگہ بنانے میں کامیاب ہوئے تھے، تاہم اب چوٹ کے باعث اس اہم مقابلے میں بھی حصہ نہیں لے سکیں گے۔نیرج نے جولائی میں گلاسگو میں منعقدہ دولت مشترکہ کھیلوں میں بھی چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔ انہوں نے وہاں 85.83 میٹر کی بہترین تھرو کی تھی۔

اپنی چوٹ کے حوالے سے نیرج نے کہا کہ یہ صورتحال ان کے لیے مایوس کن ہے، خاص طور پر اس لیے کہ انہیں محسوس ہورہا تھا کہ وہ اپنی بہترین ردھم کے قریب پہنچ رہے ہیں۔ تاہم اب ان کی تمام توجہ مکمل صحت یابی اور پہلے سے زیادہ مضبوط واپسی پر ہے۔

دو مرتبہ کے اولمپک تمغہ فاتح اور سابق عالمی چمپئن نیرج چوپڑا نے گزشتہ ایشیائی کھیلوں میں 88.88 میٹر کی تھرو کے ساتھ طلائی تمغہ جیتا تھا۔ بھارت نے اس مقابلے میں جیولین تھرو میں تاریخی طور پر طلائی اور چاندی دونوں تمغے حاصل کیے تھے۔ کشور جینا نے چاندی کا تمغہ جیتا تھا۔آئچی-ناگویا ایشیائی کھیلوں میں نیرج کی غیر موجودگی میں روہت یادو جیولین تھرو میں بھارت کی نمائندگی کریں گے۔ روہت گلاسگو دولت مشترکہ کھیلوں میں تمغہ جیتنے سے معمولی فرق سے محروم رہ گئے تھے۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande