
پونچھ کے مینڈھر سیکٹر میں مشتبہ پاکستانی ڈرون کی موجودگی کے بعد سرچ آپریشن جاری
جموں،29 اگست (ہ س)۔
پونچھ ضلع کے مینڈھر سیکٹر میں حدِ متارکہ کے قریب جمعہ کی شام ایک مشتبہ پاکستانی ڈرون کو پرواز کرتے ہوئے دیکھے جانے کے بعد سیکورٹی فورسز نے علاقے میں تلاشی آپریشن شروع کردیا۔ ذرائع کے مطابق بالاکوٹ کے بہروتی گاؤں کے قریب ڈرون کو فضا میں منڈلاتے ہوئے دیکھا گیا، جو بعد میں منگل نار۔ڈبروت کی سمت بڑھا اورواپس پاکستان کی جانب چلا گیا۔ واقعے کے بعد حدِ متارکہ پر تعینات فوجی اہلکاروں نے نگرانی مزید سخت کر دی۔
سیکورٹی فورسز نے ہفتہ کی صبح سویرے علاقے میں تلاشی مہم شروع کی تاکہ یہ معلوم کیا جا سکے کہ مشتبہ ڈرون نے کوئی مشکوک سامان تو نہیں گرایا۔ تلاشی کارروائی تاحال جاری ہے اور سرحدی علاقوں میں سیکورٹی فورسز کو ہائی الرٹ پررکھا گیا ہے۔ ادھر مشتبہ نقل و حرکت کی اطلاعات کے بعد پولیس، فوج اور نیم فوجی دستوں نے ادھم پور، کٹھوعہ اور راجوری کے جنگلاتی علاقوں میں بھی وسیع پیمانے پرمشترکہ تلاشی آپریشن شروع کر رکھا ہے۔
ذرائع کے مطابق ادھم پور۔کٹھوعہ جنگلاتی پٹی کے خوبن، نگین، کھتریل، گودو فلال، پڈیتر، چور موٹو، کیا، کھیبا، بھیڑ، مرتا، جافر اور ملحقہ علاقوں میں جمعہ کی شام سے تلاشی مہم جاری ہے۔
راجوری کے گائباس، مٹھیانی، مغلا اور نرلا علاقوں میں بھی مقامی افراد کی جانب سے دو مشتبہ مسلح افراد کی نقل و حرکت کی اطلاع ملنے کے بعد سکیورٹی فورسز نے کارروائی شروع کی۔ حکام کے مطابق تاحال مشتبہ افراد کے ساتھ کوئی رابطہ نہیں ہوا ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد اصغر