
نئی دہلی، 29 اگست (ہ س)۔
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس (ڈی آر آئی) نے دو الگ الگ خفیہ کارروائیوں میں تقریباً 18 کلوگرام مصنوعی منشیات، یعنی ایمفیٹامائن اور ایم ڈی ایم اے، ضبط کی ہیں۔ مصنوعی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف کی گئی اس بڑی کارروائی میں چار افراد کو گرفتار کیا گیا ہے۔
وزارت خزانہ نے ہفتہ کو جاری بیان میں بتایا کہ ڈی آر آئی نے مصنوعی منشیات کی اسمگلنگ کے خلاف اپنی مسلسل کارروائی جاری رکھتے ہوئے 25 اگست کو دو خفیہ کارروائیوں میں بنگلورو میں تقریباً 14.9 کلوگرام ایمفیٹامائن اور پونے میں تقریباً 2.53 کلوگرام ایمفیٹامائن کے ساتھ 878 گرام ایم ڈی ایم اے کی گولیاں ضبط کیں۔ ان کا مجموعی وزن 18 کلوگرام سے زیادہ تھا۔
ڈائریکٹوریٹ آف ریونیو انٹیلی جنس نے دونوں معاملات میں نارکوٹک ڈرگس اینڈ سائیکوٹروپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) ایکٹ، 1985 کی دفعات کے تحت چار ملزمان کو گرفتار کیا ہے۔ وزارت کے مطابق تازہ ترین برآمدگی ملک بھر میں جاری مصنوعی منشیات کی اسمگلنگ کو روکنے اور اسمگلنگ کے نیٹ ورک کو ختم کرنے کے لیے ڈی آر آئی کی وسیع کوششوں کا حصہ ہے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / عطاءاللہ