امریکا مسلسل نیپال کے رابطے میں، لاپتہ افراد کی تلاش میں واشنگٹن نے کاٹھمنڈو کو مدد کی پیشکش کی
نیپال میں 65 امریکی شہریوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع واشنگٹن/کاٹھمنڈو، 28 اگست(ہ س)۔ امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے نیپال میں لاپتہ افراد کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ واشنگٹن نے کاٹھمنڈو کو سرچ اور ریسکیو آپریشن میں شامل ہونے سمیت ہر م
امریکا مسلسل نیپال کے رابطے میں، لاپتہ افراد کی تلاش میں واشنگٹن نے کاٹھمنڈو کو مدد کی پیشکش کی


نیپال میں 65 امریکی شہریوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاع

واشنگٹن/کاٹھمنڈو، 28 اگست(ہ س)۔

امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ کی انتظامیہ نے نیپال میں لاپتہ افراد کے معاملے پر تشویش کا اظہار کیا ہے۔ واشنگٹن نے کاٹھمنڈو کو سرچ اور ریسکیو آپریشن میں شامل ہونے سمیت ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔نیپال ٹورزم بورڈ کے سربراہ کے مطابق اس قدرتی آفت میں لاپتہ ہونے والے افراد میں 65 امریکی شہری بھی شامل ہیں۔ نیپال پولیس کے مطابق بدھ کو آنے والے تباہ کن سیلاب کے بعد 1,400 سے زائد افراد لاپتہ ہیں۔چین کے سرکاری نشریاتی ادارے سی سی ٹی وی کے مطابق تبت میں بھی 558 افراد لاپتہ ہیں، جن میں 260 غیر ملکی شہری شامل ہیں۔

سی بی ایس نیوز کی رپورٹ کے مطابق امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے جمعرات کو اوول آفس میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا کہ امریکی انتظامیہ نیپال کی حکومت کے ساتھ مسلسل رابطے میں ہے۔انہوں نے کہا کہ امریکی حکام نے نیپالی رہنماؤں سے بات چیت کی ہے اور انہیں ریسکیو آپریشن میں شامل ہونے کے ساتھ ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی پیشکش کی ہے۔

ٹرمپ نے کہا کہ اس وقت انہیں درست طور پر معلوم نہیں کہ نیپال میں کتنے امریکی شہری لاپتہ ہیں، تاہم نیپال ٹورزم بورڈ کے مطابق 65 امریکی شہری لاپتہ ہیں۔

نیپال ٹورزم بورڈ کے چیف ایگزیکٹو ہکمت سنگھ ایئر نے کم از کم 65 امریکی شہریوں کے لاپتہ ہونے کی تصدیق کی ہے۔انہوں نے بتایا کہ سیلاب سے متاثرہ رسوا ضلع سے 27 غیر ملکی شہریوں کو بچایا گیا ہے، جن میں ایک امریکی مرد اور ایک امریکی خاتون بھی شامل ہیں۔امریکی محکمہ خارجہ کے ایک ترجمان کے مطابق نیپال میں سیلاب سے متاثر ہونے والے امریکی شہریوں کی تعداد تقریباً 90 تک ہوسکتی ہے۔ تاہم اب تک کسی امریکی شہری کی ہلاکت کی اطلاع نہیں ہے۔امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ ضرورت مند امریکی شہری +1-202-501-4444 پر رابطہ کرسکتے ہیں۔

اپنے عزیزوں کے بارے میں فکر مند اہل خانہ اور دوست +1-888-407-4747 پر ٹول فری نمبر کے ذریعے رابطہ کرسکتے ہیں۔

نیپال میں امریکی سفارتخانے نے سیلاب میں ہلاک ہونے والے افراد کے اہل خانہ اور عزیزوں سے گہری تعزیت کا اظہار کیا ہے۔سفارتخانے نے کہا ہے کہ وہ لاپتہ امریکی شہریوں کا سراغ لگانے کے لیے کام کر رہا ہے۔ سفارتخانے نے سیلاب سے متاثرہ علاقوں میں موجود امریکی شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ جلد از جلد اپنے اہل خانہ، ہوٹل، گائیڈز، ٹریکنگ ایجنسیوں یا ٹور کمپنیوں سے رابطہ کرنے کی کوشش کریں۔تاہم سفارتخانے نے خبردار کیا ہے کہ سیلاب کے باعث مواصلاتی نظام اب بھی بری طرح متاثر ہے، جس کی وجہ سے رابطہ قائم کرنے میں مشکلات پیش آرہی ہیں۔

امریکی محکمہ خارجہ نے کہا ہے کہ وہ نیپال کی صورتحال پر گہری نظر رکھے ہوئے ہے۔ امدادی سرگرمیوں میں تعاون کے لیے ایک مشیر بھی نیپال بھیجا جارہا ہے۔اس کے علاوہ کیتھولک ریلیف سروسز کو امدادی سرگرمیوں کے لیے 5 لاکھ ڈالر کی گرانٹ بھی دی جارہی ہے۔ہندوستانی روحانی رہنما سَدگرو واسو دیو کے ایشا فاؤنڈیشن سے وابستہ لیسلی کریسپی نے بتایا کہ اس قدرتی آفت کے دوران ان کی تنظیم سے وابستہ 80 افراد لاپتہ ہیں۔ یہ تمام افراد کیلاش مانسرور کی یاترا پر گئے تھے۔کریسپی کے مطابق لاپتہ افراد کا تعلق 19 ممالک سے ہے، جن میں 22 امریکی شہری بھی شامل ہیں۔ انہوں نے بتایا کہ تقریباً 1,000 افراد اس یاترا میں شریک تھے۔امریکی شہری دیپک ڈنڈو نے بتایا کہ ان کی اہلیہ شری دیوی ویزلا بھی نیپال میں لاپتہ افراد میں شامل ہیں۔انہوں نے بتایا کہ ان کی اہلیہ نے ایشا فاؤنڈیشن کے ساتھ تبت میں کیلاش پہاڑ کی یاترا مکمل کی تھی اور چین سے نیپال میں داخل ہو رہی تھیں کہ اسی دوران سیلاب آگیا۔

نیپال میں شدید سیلاب کے بعد متعدد غیر ملکی شہریوں کے لاپتہ ہونے کی اطلاعات سامنے آئی ہیں، جس کے باعث مختلف ممالک کی حکومتیں اپنے شہریوں کی تلاش اور سلامتی کو یقینی بنانے کے لیے نیپالی حکام کے ساتھ رابطے میں ہیں۔

ہندوستھان سماچار

ہندوستان سماچار / Mohammad Khan


 rajesh pande