
سینٹ لوئس، 28 اگست (ہ س)۔ ہندوستانی گرینڈ ماسٹر آر پرگیانند نے شاندار واپسی کرتے ہوئے تاریخ رقم کر دی۔ انہوں نے جمعرات کو فیبیانو کروانا کو شکست دیکر گرینڈ چیس ٹور فائنل جیتنے والے پہلے ہندوستانی کھلاڑی بننے کا اعزاز حاصل کیا۔
فائنل کے آخری دن پرگیانند چھ پوائنٹس کے بڑے فرق سے پیچھے تھے، لیکن انہوں نے زبردست کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے دونوں ریپڈ بازیاں جیت لیں۔ اس کے بعد بلٹز میں دباو سے بھرپور مقابلے کے باوجود برتری برقرار رکھتے ہوئے 15-13 کے اسکور سے خطاب اپنے نام کیا۔
یہ پرگیانند کے کیریئر کا اب تک کا سب سے بڑا خطاب ہے۔ اس جیت کے ساتھ ہی انہیں دو لاکھ امریکی ڈالر کی انعامی رقم ملی۔
کروانا نے کلاسیکل مقابلوں کے بعد چھ پوائنٹس کی برتری بنا رکھی تھی۔ پرگیانند نے تاہم ریپڈ اور بلٹز میں مقابلے کا رخ پوری طرح بدل دیا۔ انہوں نے پہلے کلاسیکل مقابلے میں 6-0 سے شکست کا سامنا کیا، جبکہ دوسرا مقابلہ 3-3 سے ڈرا رہا۔ اس کے بعد انہوں نے دونوں ریپڈ مقابلے جیت کر برتری حاصل کی اور چار بلٹز بازیوں میں اسے برقرار رکھا۔
خطابی جیت کے بعد پرگیانند نے کہا کہ وہ اس خطاب کو جیت کر خوش ہیں۔ انہوں نے گرینڈ چیس ٹور کو ورلڈ چیمپئن شپ کے بعد روایات کے اعتبار سے سب سے اہم ترین مقابلوں میں سے ایک قرار دیا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن