
نئی دہلی، 28 اگست (ہ س)۔
دہلی کے بزرگ شہریوں کے لیے ’ویو آنند‘ اسکیم شروع کرنے کے اعلان کے دوران وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے جمعہ کو کہا کہ اس اسکیم کے تحت بزرگوں کے لیے انڈور گیمز اور سماجی سرگرمیوں میں شمولیت جیسے مراکز قائم کیے جائیں گے۔ وزیر اعلیٰ کے دفتر کے مطابق اس اسکیم کا مقصد بزرگ شہریوں کو ان کے قریب ہی ایسی محفوظ اور آرام دہ جگہ فراہم کرنا ہے جہاں وہ شرکت کر کے اپنا اکیلا پن دور کر سکیں۔ ان مراکز میں بزرگ شہریوں کے لیے یوگا اور دھیان کی کلاسز بھی منعقد کی جائیں گی۔ ساتھ ہی مراکز میں ماہانہ طبی کیمپ اور ابتدائی طبی امداد (فرسٹ ایڈ کٹ) کا بھی انتظام ہوگا۔ حکومت ایسے تفریحی مراکز چلانے والی تنظیموں کو مالی امداد فراہم کرے گی۔
وزیر اعلیٰ نے کہا کہ دہلی کے بزرگ شہری ہمارے معاشرے کا انمول اثاثہ ہیں اور ان کے وقار، صحت، فعال زندگی اور سماجی وابستگی کو یقینی بنانا ہماری حکومت کی ترجیح ہے۔ ان مراکز میں کیرم، لوڈو وغیرہ جیسے انڈور کھیل، بیٹھنے کا معقول انتظام، پنکھا، کولر، ٹیلی ویژن اور کمپیوٹر جیسی سہولیات فراہم کی جائیں گی۔ اس میں اخبارات، رسائل اور کتابیں بھی رکھی جائیں گی تاکہ بزرگ شہری فرصت کے اوقات کا بھرپور فائدہ اٹھا سکیں۔
اس کے علاوہ بین الاقوامی یومِ یوگا، یومِ معمرین (سینئر سٹیزن ڈے) اور قومی تہوار وغیرہ منائے جائیں گے۔ ان مراکز میں سال میں کم از کم 6-5 ایسے پروگرام منعقد کیے جائیں گے۔ اسکیم میں ماہانہ طبی کیمپ اور فرسٹ ایڈ کٹ کے انتظام کی بھی شق موجود ہے۔ ساتھ ہی صحت و تندرستی کی کلاسز، آوٹ ڈور ٹور، کہانیاں سنانے کی نشستیں، پینٹنگ، کرافٹ، مٹی کے برتن بنانے (پاٹری)، غذائیت سے متعلق مشاورت، نیز انڈور اور آوٹ ڈور کھیلوں جیسی سرگرمیاں بھی منعقد کی جائیں گی۔ اسکیم کے تحت اہل تفریحی مرکز کو ایک مالی سال میں 2.40 لاکھ روپے (20 ہزار روپے ماہانہ) کی مالی امداد دی جائے گی۔ یہ رقم دو مساوی ششماہی قسطوں میں جاری کی جائے گی۔ اسکیم میں آر ڈبلیو اے، سی جی ایچ ایس اور چوپال جیسی کمیونٹی جگہوں پر چلنے والے مراکز بھی شامل ہو سکتے ہیں۔
تفریحی مراکز صبح 7 بجے سے رات 8 بجے کے درمیان ہفتے میں پانچ دن کھلے رہیں گے۔ مرکز میں مناسب ہوا کی آمد و رفت (وینٹی لیشن) اور بیت الخلا کی سہولت ہوگی۔ ہنگامی صورتحال میں فوری مدد کے لیے قریبی پولیس تھانے اور اسپتالوں سے رابطہ قائم رکھا جائے گا۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / انظر حسن