
جموں, 27 اگست (ہ س)۔ ملک میں موجودہ ریزرویشن پالیسی اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن سے متعلق دفعات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے شری امر شتریہ راجپوت سبھا رامبن نے یو جی سی کے نئے ایکویٹی ریگولیشنز 2023 کی سخت مخالفت کی ہے۔رامبن میں منعقدہ پریس کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے سبھا کے ضلع صدر کرن دیو سنگھ چب اور سینئر نائب صدر سریندر سنگھ راجو نے کہا کہ تنظیم مذکورہ ضوابط کو کسی صورت قبول نہیں کرے گی۔ انہوں نے الزام عائد کیا کہ نئے ضوابط طلبہ کے درمیان امتیازی صورتحال پیدا کر سکتے ہیں اور عام زمرے کے طلبہ کو آئین میں دیے گئے مساوی حقوق سے محروم کرنے کا خدشہ ہے۔
راجپوت سبھا کے رہنماؤں نے مرکزی حکومت اور یونیورسٹی گرانٹس کمیشن سے مطالبہ کیا کہ یو جی سی کے نئے ایکویٹی ریگولیشنز 2023 پر نظرثانی کرتے ہوئے انہیں واپس لیا جائے۔ انہوں نے ایکویٹی کمیٹیوں کی تشکیل نو کا بھی مطالبہ کیا تاکہ ان کے کام میں انصاف، شفافیت اور غیر جانب داری کو یقینی بنایا جا سکے۔
تنظیم نے مزید مطالبہ کیا کہ ایکویٹی کمیٹیوں میں عام زمرے کی لازمی نمائندگی شامل کی جائے، تاکہ تمام طبقات کے طلبہ کے مفادات کا یکساں طور پر تحفظ ہو سکے۔پریس کانفرنس میں شری امر شتریہ یووا راجپوت سبھا رامبن کے صدر جوگندر سنگھ راجو سمیت دیگر عہدیداران اور اراکین بھی موجود تھے، جنہوں نے ضوابط سے متعلق اپنے تحفظات کا اظہار کرتے ہوئے تنظیم کے مطالبات کی حمایت کی۔
ہندوستھان سماچار
---------------
ہندوستان سماچار / محمد اصغر