
نئی دہلی، 26 اگست (ہ س)۔ صدر جمہوریہ دروپدی مرمو، نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن اور مرکزی وزرا نے عید میلاد النبی کے موقع پر قوم کو مبارکباد پیش کی ہے۔ انہوں نے پیغمبر اسلامﷺ کی تعلیمات کو یاد کرتے ہوئے امن، ہمدردی، باہمی احترام، بھائی چارے اور ہم آہنگی کو مضبوط بنانے کا پیغام دیا۔
صدر جمہوریہ دروپدی مرمو نے عید میلاد النبی کے موقع پر اہل وطنوںبالخصوص مسلمانوں کو مبارکباد پیش کی۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع پیغمبر محمد کی تعلیمات کو یاد کرنے کا ہے، جو لوگوں کو نیک طرز عمل اور فرض شناسی کو اپنانے کی ترغیب دیتی ہیں۔ انہوں نے سبھی سے اپیل کی کہ وہ ان کے عظیم اصولوں سے رہنمائی لے کر ایک جامع اور ترقی پسند ہندوستان کی تعمیر میں فعال کردار ادا کریں۔
نائب صدر جمہوریہ سی پی رادھا کرشنن نے عید میلاد النبی کے موقع پر مبارکباد دیتے ہوئے کہا کہ یہ مقدس موقع ہمیں ہمدردی، ہم آہنگی اور باہمی احترام کی اقدار کو برقرار رکھنے اور بھائی چارے کے رشتوں کو مضبوط کرنے کی ترغیب دے۔ انہوں نے سب کے لیے امن، خوشی اور خوشحالی کی دعا کی۔
لوک سبھا کے اسپیکر اوم برلا نے عید میلاد النبی پر مبارکباد پیش کی اور خواہش کی کہ ملک میں امن، ہم آہنگی اور اتحاد کا جذبہ مزید مضبوط ہو۔
وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ نے کہا کہ میلاد النبی کا موقع سب کے لیے امن اور خوشحالی لائے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ معاشرے میں باہمی ہم آہنگی اور ہمدردی کے جذبے کو مزید تقویت ملے گی۔
کانگریس کے قومی صدر ملکارجن کھرگے نے کہا کہ پیغمبر اسلام کی زندگی اور تعلیمات انسانیت کے لئے ہمدردی، امن اور انصاف کی لازوال اقدار کی یاد دلاتی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ یہ موقع بھائی چارے کے رشتوں کو مضبوط کرے اور ملک کو باہمی احترام اور فرقہ وارانہ ہم آہنگی پر مبنی معاشرے کی تعمیر کی ترغیب دے ۔ لوک سبھا میں قائد حزب اختلاف راہل گاندھی نے عید میلاد النبی پر مبارکباد پیش کی اور ہر ایک کو امن، خوشی، خوشحالی اور اچھی صحت کی خواہش کی۔
مرکزی وزیر زراعت شیوراج سنگھ چوہان نے بھی عید میلاد النبی کے موقع پر مبارکباد پیش کی اور کہا کہ یہ تہوار لوگوں کی زندگیوں میں خوشی، امن، خوشحالی اور خوشی لائے۔
عام آدمی پارٹی (آپ) کے قومی کنوینر اور دہلی کے سابق وزیر اعلی اروند کیجریوال نے عید میلاد النبی پر مبارکباد پیش کی اور دعا کی کہ یہ مبارک موقع لوگوں کی زندگیوں میں خوشیاں لائے، ملک میں باہمی بھائی چارہ مضبوط ہو اور ہر خاندان ترقی کرے۔
ہندوستھان سماچار
ہندوستان سماچار / محمد شہزاد